بھارت سے سیریرز کا امکان کم، شارجہ ٹیسٹ مصباح کے کیریئر کا آخری میچ ہونا ممکن

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 11:43

بھارت سے سیریرز کا امکان کم، شارجہ ٹیسٹ مصباح کے کیریئر کا آخری میچ ..

شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار31اکتوبر۔2015ء ) اتوار سے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شروع ہونے والا سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کےکیرئیر کے حوالے سے نئی بحث کا شکار ہوگیا ہے ، سیریز کے آ غاز سے قبل قومی کپتان نے ٹیسٹ کر کٹ سے اپنی ریٹائر منٹ کا عندیہ دیا تھا جس کے بعد ان کی جانب سے تاحال کوئی واضح فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے ، ان کے مداح اس شش و پنج سے دوچار ہیں کہ کیا یہ ان کا آ خری ٹیسٹ ہوگا جہاں پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق اپنے ممکنہ آخری ٹیسٹ کو یادگار بنانے کیلئے پرعزم ہے وہاں وہ خود عروج پر کھیل سے کنارہ کش ہونا چاہتے ہیں ۔

خیال رہے کہ مصباح الحق انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز میں چار اننگز میں بالترتیب 3،51، 102اور87 رنز بنا چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

دلچسپ بات ہے کہ رواں سال ورلڈ کپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے مصباح نے کہا تھا کہ وہ بھارت کے خلاف رواں سال دسمبر جنوری میں شیڈول دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بعد کرکٹ کو الوداع کہہ دیں گے تاہم روایتی حریف سے تعلقات ایک بار پھر کشیدہ ہونے اور سیریز پر چھائے غیر یقینی کے بادل دیکھتے ہوئے یہ مصباح کے کیریئر کی آخری سیریز ہو سکتی ہے ۔

مصباح کا کہنا ہے کہ سچ تو یہ ہے کہ وہ ابھی تک ریٹائرمنٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کرسکے ہیں اور انہیں علم ہی نہیں ہے کہ ہم بھارت کے خلاف کھیل پائیں گے یا نہیں اور اس کی جگہ کوئی متبادل سیریز ہو گی یا نہیں لہٰذا انہوں نے ابھی فیصلہ نہیں کیا۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ مجھے ریٹائر نہیں ہونا چاہیے کیونکہ میں ابھی فٹ ہوں اور رنز بنا رہا ہوں لیکن میرے خیال میں یہ غلط سوچ ہے ۔

ریٹائرمنٹ کا مطلب فارم کا نہ ہونا یا فٹنس کا نہ ہونا نہیں، ریٹائرمنٹ کو اس کے ساتھ نہیں جوڑنا چاہیے ، میرے خیال میں ایک کھلاڑی کو اپنے عروج پر ریٹائر ہونا چاہیے ۔ مصباح الحق کی حالیہ فارم کو دیکھا جائے تو وہ ان دنوں کافی اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ دوسری جانب شائقین کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی اپنے کیریئر کو مزید طول دینا چاہیے البتہ اس بارے میں بالکل کلیئر ہیں کہ ہر شخص کو عزت و احترام کے ساتھ کھیل چھوڑنے کے بارے میں سوچنا چاہیے نہ کہ وہ اس وقت کھیل چھوڑے جب اسے کھیل چھوڑنے پر مجبور کیا جائے۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف سیریز پر مکمل توجہ دینے کی ضرورت ہے اور امید ہے میری ٹیم ایک اور سیریز جیتنے کا موقع ضائع نہیں کرے گی جس طرح اس نے نیوزی لینڈ کے مقابل سیریز جیتنے کا موقع گنوایا تھا ۔