جھوٹ بولنا اور نہ ماننا پی ٹی آئی کا ٹریڈ مارک بن چکا ،ووٹر لسٹوں کے حوالے سے دئیے گئے ثبوت مسترد ہو گئے ‘ سردار ایاز صادق

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 16:12

جھوٹ بولنا اور نہ ماننا پی ٹی آئی کا ٹریڈ مارک بن چکا ،ووٹر لسٹوں کے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اکتوبر۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ جھوٹ بولنااور نہ ماننا پی ٹی آئی کا ٹریڈ مارک بن چکا ہے ،این اے 122میں پی ٹی آئی نے ووٹر لسٹوں کے حوالے سے جو ثبوت دئیے ہیں وہ مسترد کر دئیے گئے ہیں اور جو آئندہ دیں گے ان کا بھی یہی حال ہوگا ،اللہ سے پی ٹی آئی کی ہدایت کیلئے دعا کرتا ہوں تاکہ وہ چین سمیت دیگر ممالک کی سرمایہ کاری میں رکاوٹیں نہ بنیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ سردار ہائی سکول میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بڑی سیاسی جماعت ہے ،ٹکٹوں کی تقسیم پر کچھ دوست ناراض ہوئے ہیں لیکن بلدیاتی انتخابات کا عمل ختم ہوتے ہی وہ ہمار ے ساتھ واپس آ جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے این اے 122میں پی ٹی آئی کی طرف سے ووٹ لسٹوں میں ہیر پھیر کے سوال کے جواب میں کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ آئے تو اسے تسلیم کیا جاتا ہے اور اگر خلاف آ جائے تو اسے ماننے سے انکار کر دیاجاتا ہے ۔

قوم 2013ء سے پی ٹی آئی کی میں نہ مانوں کی رٹ دیکھ رہی ہے ۔ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ آیا اسے پی ٹی آئی تسلیم بھی کرتی ہے اوراس سے انکار بھی کرتی ہے ۔ وہ آئندہ بھی کسی فیصلے کو مانیں گے میں ان سے اس کی توقع نہیں رکھتا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اب تک جو ثبوت دئیے ہیں وہ مسترد ہو گئے ہیں۔ حلف نامہ لینا کوئی بڑی بات نہیں ۔ کہتے ہیں ہم مزید ثبوت دے ہیں پریس کانفرنس کریں گے لیکن وہ ابھی تک فراہم نہیں کئے گئے ۔

2013ء کے انتخابات میں جو ووٹر لسٹیں تھیں وہی اب استعمال ہوئی ہیں ،نومبر ، دسمبر کے بعد جوو وٹ شامل ہوئے ہیں یا جن لوگوں نے اپنے ووٹ منتقل کرائے ہیں پی ٹی آئی والے اس معاملے پر کھیل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جھوٹ کا کوئی علاج ہے او رنہ خواہشات پر پابندی لگائی جا سکتی ہے ۔ پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ صرف ہم جیتیں لیکن وہ بار بار ہارے ہیں ۔ جھوٹ بولنا اور نہ ماننا پی ٹی آئی کا ٹریڈ مارک بن گیا ہے ۔