پنجاب میں پولنگ مجموعی طور پر پرامن رہی‘ زعیم قادری

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 22:23

پنجاب میں پولنگ مجموعی طور پر پرامن رہی‘ زعیم قادری

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اکتوبر۔2015ء) پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے دوران پنجاب کے 12 اضلاع میں پولنگ مجموعی طور پر پرامن رہی۔ کہیں سے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری نے ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران الحمدللہ پنجاب میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

لڑائی جھگڑوں کے معمولی واقعات کے دوران 47افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت پر الیکشن کا پرامن انعقاد یقینی بنانے کے لئے فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر پابندی کے قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کی بلا امتیاز غیرجانبدارانہ کارروائی کے نتیجے میں اسلحہ کی نمائش اور دیگر غیرقانونی اقدامات پر 34 مقدمات درج ہوئے۔

107گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں‘ جن میں مسلم لیگ (ن) کے 23 حامی بھی شامل ہیں۔ دیگر افراد میں پی ٹی آئی کے 20‘ پیپلزپارٹی کے 10‘آزاد امیدواروں کے 10 حامی اور 36دیگر افراد شامل ہیں۔ سیدزعیم حسین قادری نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے حامیوں کی بلاامتیاز گرفتاری پنجاب پولیس کی غیرجانبداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت پر قانون شکنی کرنے والے تمام افراد کو بلاامتیاز کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔

زعیم حسین قادری نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے دوران خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روکنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جبکہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روکنے کے 80 واقعات پیش آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 12 اضلاع میں پولنگ روکنے کا صرف ایک واقعہ رپورٹ ہوا ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے دوران 106 مرتبہ پولنگ روکنا پڑی۔

فافن نے خیبرپختونخوا میں پولنگ سٹیشنز پر قبضہ کرنے کے 26فیصد واقعات کی رپورٹ بھی پیش کی تھی۔ سیدزعیم حسین قادری نے بتایاکہ تمام مقامات پر پولنگ بروقت شروع ہونے کی اطلاعات ملیں اور پولنگ کا عمل بلاتعطل جاری رہا۔ انہو ں نے بتایا کہ پنجاب کے 12 اضلاع کی 1578 یونین کونسلوں اور 1118وارڈز میں حق رائے دہی استعمال کرنے والے ووٹروں کی تعداد 2 کروڑ 12 لاکھ ہے۔

جس کے لئے 16266پریذائیڈنگ افسر ‘ 88340 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسرز اور 46951پولنگ آفیسرز نے فرائض سرانجام دیئے ۔ 16266پولنگ اسٹیشن اور 46951پولنگ بوتھ بنائے گئے۔6307 امیدوار چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لئے 28263امیدوار جنرل ممبر یونین کونسل اور 5531 امیدواروں نے جنرل ممبر میونسپل کمیٹی کے الیکشن میں حصہ لیا۔سیدزعیم حسین قادری نے کہا کہ صوبہ سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوران 11افراد اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران 24افراد جاں بحق ہوئے۔

لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لڑائی جھگڑے کے اکا دکا واقعات کے علاوہ پنجاب میں کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 12 اضلاع میں کہیں سے بھی دھاندلی کا واقعہ رپورٹ نہیں ہوا لیکن فافن کے مطابق کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کا تناسب 26فیصد تھا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے دوران ایک بھی گولی فائر نہ ہونا زیروٹالرنس پالیسی کا نتیجہ ہے جس کا اعلان وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کر چکے ہیں

متعلقہ عنوان :