بلدیاتی الیکشن:مسلم لیگ اورپیپلزپارٹی کی برتری

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 1 نومبر 2015 12:44

بلدیاتی الیکشن:مسلم لیگ اورپیپلزپارٹی کی برتری

لاہور، کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔1نومبر۔2015ء) پاکستان کے دو صوبوں پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پنجاب میں حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) اور سندھ میں حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو برتری حاصل ہے۔ پنجاب کے 12 اضلاع میں پہلے مرحلے میں انتخابات ہوئے۔

صوبے کی 2996 میں سے 1894 نشستوں کے رزلٹ آچکے ہیں، جن میں سے مسلم لیگ (ن) نے 871 نشستیں لے کر آگے ہے جبکہ تحریک انصاف کے 192 امیدوار اور پیپلز پارٹی 33 امیدوار کامیاب ہوئےہیں، 741 آزاد امیدواروں نے بھی کامیابی اپنے نام کی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کی 274 سیٹوں میں سے مسلم لیگ نے 220 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ تحریک انصاف نے 12، پیپلز پارٹی نے صرف 4 اور مسلم لیگ (ق) نے 3 سیٹیں حاصل کیں، 31 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے۔

(جاری ہے)

فیصل آباد اور گجرات کا معرکہ بھی مسلم لیگ (ن) کے نام رہا۔ سندھ میں پہلے مرحلے میں 8 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا۔ سندھ میں 1072 نشستوں میں سے 770 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج موصول ہو چکے ہیں جن میں سے پیپلز پارٹی 564 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے سب سے آگے ہے جبکہ 130 آزاد امیدواروں کامیابی حاصل کی، مسلم لیگ فنکشنل 50 نشستوں پر کامیاب ہوئی۔ سندھ میں سکھر، خیرپور، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں صوبائی حکمران جماعت پیپلز پارٹی نے کو کامیابی حاصل ہوئی۔ مسلم لیگ فنکشنل نے 50 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ تحریک انصاف نے 2، جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 3 سیٹیں حاصل کیں جبکہ 45 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے۔

متعلقہ عنوان :