یونس خان کی ون ڈے ٹیم میں شمولیت یقینی ، محض رسمی اعلان باقی رہ گیا

منگل 3 نومبر 2015 14:54

یونس خان کی ون ڈے ٹیم میں شمولیت یقینی ، محض رسمی اعلان باقی رہ گیا

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار3 نومبر۔2015ء ) انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں یونس خان کی شمولیت اب یقینی دکھائی دے رہی ہے اور صرف رسمی اعلان باقی ہے جبکہ ون ڈے ٹیم میں محمد رضوان، انور علی ، عامر یامین ، ظفر گوہر، محمد عرفان اور بابر اعظم کی شمولیت کا امکان ہے ۔ ٹیم انتظامیہ نے شارجہ ٹیسٹ کے دوران چار کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیج دیا ہے ۔

گذشتہ دو دن میں چیف سلیکٹر ہارون رشید نے ٹیم انتظامیہ سے مشاورت مکمل کر لی ہے ۔ منیجر انتخاب عالم کا کہنا ہے فاسٹ بولر عمران خان شارجہ ٹیسٹ سے قبل ان فٹ ہوگئے تھے جبکہ جنید خان ، شان مسعود اور فواد عالم کا ون ڈے ٹیم میں منتخب کیے جانے کا امکان نہیں ہے۔ لہٰذا انہیں بھی وطن بھیجا گیا ہے ۔ جنید خان اور فواد عالم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے کسی میچ میں حصہ نہ لے سکے ۔

(جاری ہے)

شان مسعود ابوظبی اور دبئی ٹیسٹ کھیلے تھے جن کی چار اننگز میں وہ صرف 58رنز بناسکے ۔ چاروں اننگز میں انہیں جیمز اینڈرسن نے آؤٹ کیا تھا ۔ عمران خان نے دو ٹیسٹ میچوں میں چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان آئندہ چند روز میں ہونے والا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے دو ون ڈے 11اور 13 نومبر کو ابوظبی میں کھیلے جائیں گے۔ تیسرا ون ڈے 17نومبر کو شارجہ اور چوتھا ون ڈے 20 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل 26 اور 27 نومبرکو دبئی میں ہونگے جبکہ تیسرا ٹی ٹونٹی 30 نومبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا ۔