شارجہ ٹیسٹ ، تیسرے روز چائے کے وقفے پر پاکستان نے بغیر وکٹ کھوئے 58رنز بنا لیے

منگل 3 نومبر 2015 15:52

شارجہ ٹیسٹ ، تیسرے روز چائے کے وقفے پر پاکستان نے بغیر وکٹ کھوئے 58رنز ..

شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار3 نومبر۔2015ء ) شارجہ ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے چائے کے وقفے تک بغیر کوئی وکٹ کھوئے 58رنز بنا لیے ہیں ۔ تیسرے دن جب کھیل شروع ہوا تو جیمز ٹیلر کریز پر زیادہ نہ ٹک پائے اور 76رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھو ں کیچ آؤٹ ہوگئے ، وکٹ کیپر بیئر سٹو 43رنز بنا کر ذوالفقار بابر گیند کرنے کی کوشش میں بولڈ ہوئے ، ان کے بعد سمت پٹیل اور عادل رشید نے ساتویں وکٹ کے لیے 40قیمتی رنز کا اضافہ کیا ،کھانے کے وقفے سے کچھ لمحے پہلے عادل رشید شعیب ملک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔

کھانے کے وقفے کے بعد جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو سمت پٹیل42رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ جیمز اینڈرسن بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹکے اور 7رنز بنا کر شعیب ملک کا شکار بنے ۔

(جاری ہے)

میچ کے دوسرے روز زخمی ہونے والے برطانوی آل راؤنڈر بین سٹوکس بیٹنگ کے لیے آنے والے آخری کھلاڑی تھے تاہم وہ بھی کچھ خاص نہ کر پائے اور بغیر کوئی رن بنائے شعیب ملک کی گیند پر بولڈ ہوگئے او ر یوں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 72رنز کی برتری حاصل کرلی۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز ٹیلر 76،کک49،بیئر سٹو43اور پٹیل 42رنز کیساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے 4 ، یاسر شاہ نے 3،راحت علی نے2اور ذوالفقار بابر نے 1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اظہر علی اور محمد حفیظ نے کیا اور آہستہ آہستہ اننگز کو بڑھاتے ہوئے چائے کے وقفے پر پاکستان کا سکور 58رنز تک پہنچا دیا ۔ حفیظ 33اور اظہر علی 24رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔