یونس خان کی ون ڈے سکواڈ میں شمولیت ، کپتان ، کوچ غیر مطمئن نہیں ، ہارون رشید سے ملاقات میں تحفظات کا اظہار

منگل 3 نومبر 2015 19:50

یونس خان کی ون ڈے سکواڈ میں شمولیت ، کپتان ، کوچ غیر مطمئن نہیں ، ہارون ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3 نومبر۔2015ء)پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے مڈل آرڈر بیٹسمین یونس خان کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم کپتان اور کوچ اس سلیکشن سے مطمئن نہیں ہیں۔واضح رہے کہ سلیکشن کمیٹی کے چیرمین سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید پچھلے چند روز سے شارجہ میں موجود ہیں اور ان کی ٹیم سلیکشن سے متعلق ٹیم منیجمنٹ سے تفصیلی بات ہوئی ہے جن میں یونس خان کی ٹیم میں شمولیت سب سے اہم موضوع رہی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ کپتان اظہرعلی اور کوچ وقاریونس ون ڈے ٹیم میں یونس خان کی شمولیت سے متعلق سلیکشن کمیٹی کے خیالات سے اتفاق نہیں کرتے اور ان دونوں نے ہارون رشید سے ہونے والی ملاقات میں اس بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔

(جاری ہے)

سلیکشن کمیٹی کا یونس خان کو ون ڈے میں کھلانے پر اصرار اس کے ماضی کے ان دعووٴں کی قطعاً نفی کرتا ہے جس میں نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل کے پیش نظر مواقع دینے کی بات کہی گئی تھی۔

اب سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ یونس خان کی موجودہ فارم ون ڈے میں بھی ٹیم کے کام آسکتی ہے جبکہ ٹیم منیجمنٹ کا خیال ہے کہ یونس خان کی ٹیم میں شمولیت سے پہلے سے موجود کامبی نیشن متاثر ہوگا۔یاد رہے کہ ماضی قریب میں بھی یونس خان کو ان کی ٹیسٹ میچوں کی شاندار فارم کے سبب ون ڈے ٹیم میں شامل کیا جاتا رہا ہے کہ لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز اور پھر ورلڈ کپ میں ان کی کارکردگی خاصی مایوس کن رہی تھی۔