جنوبی افریقہ ٗ خواتین کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش میں ٹارگٹ کلنگ سے خراب ہوتے حالات کے باعث دورہ ملتوی کر دیا

منگل 3 نومبر 2015 21:10

جنوبی افریقہ ٗ خواتین کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش میں ٹارگٹ کلنگ سے خراب ہوتے ..

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 نومبر۔2015ء) جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش میں انتہا پسندوں کے حملوں اور ٹارگٹ کلنگ سے خراب ہوتے حالات کے باعث دورہ ملتوی کردیا ہے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڑ (بی سی بی) نے تین ایک روزہ اور دو ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے مہمان ٹیم کے ڈھاکہ پہنچنے سے محض ایک دن پہلے دورہ ملتوی ہونے کا اعلان کیا۔

غیر ملکی میڈیا کو بی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو ناظم الدین چوہدری نے بتایا کہ جنوبی افریقہ کے کرکٹ حکام نے انھیں مطلع کیا کہ خواتین کرکٹ ٹیم منگل کو ڈھاکہ نہیں آسکتی ۔انہوں نے کہاکہ انھوں نے دورہ ملتوی کرنے کی وجہ انتظامی مسائل بتائے ہمیں امید ہے کہ مسائل جلد ہی حل ہوں گے اور وہ دورے کی نئی تاریخ کا اعلان کریں گے اس حوالے سے جنوبی افریقہ کرکٹ کے چیف یا حکومت کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا تاہم بنگلہ دیش میں مقتول سیکولر مصنف کے ساتھ کام کرنے والے پبلشر کے قتل کے دودن بعد دورہ ملتوی کرنے کا اعلان سامنے آیا ۔

(جاری ہے)

دو دیگر سیکولر بلاگرز اور دوسرے کتابوں کے پبلشر پر بھی اسی دن شدید حملہ کیا گیا تھا جس سے سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوگیا ۔جنوبی افریقہ خواتین کرکٹ ٹیم کا دورہ بنیادی طور پر اکتوبر میں ہونا تھا تاہم بنگلہ دیش میں اطالوی سماجی کارکن اور جاپانی باشندے کے قتل کے بعد دورے کو ملتوی کیا گیا تھا ٗداعش نے ان حملوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا جسے بنگلہ دیش حکومت نے دوٹوک انداز میں مسترد کردیا تھا۔

اس سے قبل ستمبر کے اواخر میں آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے بھی سیکورٹی مسائل کے باعث دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز پر مشتمل اپنا دورہ منسوخ کیا تھا۔ آسٹریلوی ٹیم کو حکام کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ دہشت گرد مغربی مفادات کو نقصان پہنچانے کے لیے حملے کرسکتے ہیں تاہم زمبابوے کی کرکٹ ٹیم پیر کے روز تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کیلئے بنگلہ دیش پہنچ گئی یہ دورہ جنوری 2016 میں شیڈول تھا تاہم بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کی جانب سے دورہ منسوخ کیے جانے کے بعد ہنگامی بنیادوں پر سیریز کے انعقاد کیلئے انتظامات کیے۔