حیران ہوں بھارت جیسے بڑے ملک میں محمد علی جیسا باکسر کیوں پیدا نہیں ہوا ، عامر خان

بدھ 4 نومبر 2015 13:35

حیران ہوں بھارت جیسے بڑے ملک میں محمد علی جیسا باکسر کیوں پیدا نہیں ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔4 نومبر۔2015ء) بھارت میں آئندہ برس اپریل سے باکسنگ کی اکیڈمیز کھولنے کی تیاریاں کرنے والے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ انہیں اس بات پر حیرانگی ہوگی کہ بھارت جیسے بڑے ملک میں محمد علی جیسے بڑے باکسر نہ نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ بھارت بھی ایک محمد علی جیسے باکسر پیدا کرسکتا ہے۔

بھارت کی اتنی بڑی آبادی ہے اور یہاں پر نوجوانوں میں ٹیلنٹ بھی موجود ہے۔ نئی دہلی میں اپنی اکیڈمی بنانے کے منصوبے کے حوالے سے تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ انہیں بھارت میں جس طرح گرمجوشی سے خوش آمدید کہا گیا وہ اس محبت کو کبھی فراموش نہیں کرسکیں گے۔ وہ پہلی مرتبہ بھارت آئے، انہوں نے ہربھجن سنگھ کی شادی میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجمیر شریف گئے۔ انہوں نے بھارت میں خوب انجوائے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک مرتبہ پھر بھارت میں ضرور آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ باکسنگ کی5اکیڈمیز پاکستان میں بنارہے ہیں جو ایک سال میں تیار ہوجائیں گی۔ بھارت میں ان کی ایک اکیڈمی بھی بن گئی تو پھر متعدد اور مقامات پر بھی نوجوانوں کو تربیت دینے کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات اچھے نہیں ہیں تاہم ایک برٹش پاکستانی ہونے کے طور پر وہ دونوں ملکوں کو ایک نظر سے دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر معاشرے میں اچھے اور برے دونوں قسم کے لوگ موجود ہوتے ہیں۔