پاکستان نے آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 127رنز سے شکست دیکر سیریز 2-0سے جیت لی

جمعرات 5 نومبر 2015 18:43

پاکستان نے آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 127رنز سے شکست دیکر سیریز 2-0سے جیت ..

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 نومبر۔2015ء) پاکستان نے آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 127رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-0سے جیت لی اور10سال بعد آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے ،انگلینڈ کی ٹیم 284رنز کے ہدف کے تعاقب میں 156رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ،انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں الیسٹر کک 63،معین علی اور عادل رشید 22،22اورسٹورٹ براڈ 20رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 4، شعیب ملک 3، ذوالفقار بابر 2 اور راحت علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر محمد حفیظ کو مین آف دی میچ اور سیریز میں بولنگ کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر یاسر شاہ کو مین آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کو جیت کے لئے 284 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم 156 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

پانچویں روز انگلینڈ نے 46 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو السٹر کک 17 اور جوئے روٹ 6 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے لیکن پاکستانی اسپنرز کے سامنے انگلش بیٹنگ لائن ڈگمگا گئی اور جوئے روٹ اپنے انفرادی اسکور میں بغیر کوئی اضافہ کئے یاسرشاہ کی خوبصورت ڈلیوری پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد جیمس ٹیلر 2 جب کہ جونی بریسٹو اور سمت پٹیل بغیرکوئی رنزبنائے چلتے بنے۔

ساتویں وکٹ پر کپتان السٹرکک اور عادل رشید نے 49 رنزکی شراکت قائم کی اورٹیم کا مجموعہ 108 تک پہنچا تو عادل رشید 22 رنز بنانے کے بعد راحت علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز اسٹارٹ براڈ نے مزاحمت کی کوشش کی ہی تھی کہ وہ بھی 20 رنز بنانے کے بعد ہمت ہار گئے، کپتان السٹرکک 63 اور بین اسٹوک 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 234 اور دوسری میں 355 رنز بنائے تھے جب کہ مہمان انگلش ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 306 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی اور یوں انگلش ٹیم کو میچ جیتنے کے لئے 284 رنز کا ہدف ملا۔

واضح رہے کہ ایشیائی سرزمین پر انگلینڈ نے کبھی 209 رنز سے زائد کا ہدف عبور نہیں کیا، یہ اسکور بھی اس نے 5 برس قبل بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکا میں بنایا تھا، ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کا سب سے کامیاب 332 کا ٹارگٹ پانے کا واقعہ 1928 میں پیش آیا جب اس نے آسٹریلیا کو میلبورن میں مات دی تھی۔

متعلقہ عنوان :