2015 ء کے آخر تک دس لاکھ لوگوں کو گھر فراہم نہ کرسکا تو مونچھیں مونڈوا دوں گا، وینزویلا کے صدر کا دلچسپ اعلان

اتوار 8 نومبر 2015 15:07

2015 ء کے آخر تک دس لاکھ لوگوں کو گھر فراہم نہ کرسکا تو مونچھیں مونڈوا ..

کراکس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 نومبر۔2015ء)وینزویلا کے صدر نیکولاس مدورو نے کہا ہے کہ اگر ان کی حکومت 2015 ء کے آخر تک دس لاکھ لوگوں کو گھر فراہم کرنے کا وعدہ پورا نہ کرسکے تو وہ مونچھیں مونڈ دیں گے۔اطلاعات کے مطابق وینزویلا کے نوجوان صدر نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ 31 دسمبر 2015ء تک دس لاکھ بے گھر لوگوں کو رہائش فراہم کریں گے۔

اگر وہ اپنے وعدہ پورا کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو اس کی سزا کے طور پراپنی مونچھیں مونڈ دیں گے تاکہ سب کو پتا چل جائے میں ایک بدعہد صدر ہوں جو عوام سے کیے وعدے پورے نہیں کرسکتا۔خیال رہے کہ 2010ء کے سیلاب کے نتیجے میں وینزویلا میں ہزاروں خاندان گھروں سے محروم ہو گئے تھے۔ سابق صدر آنجہانی ہوگو شاویز نے بھی بے گھر لوگوں کو رہائش فراہم کرنے کا عہد کیا تھا۔

(جاری ہے)

اپنے وعدے کے مطابق 2013ء میں انہوں نے تین ملین لوگوں کو مکان فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا مگر 8 لاکھ لوگوں کو گھر دے پائے تھے۔موجودہ صدر مدورو نے چھ دسمبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل یہ بیان دیا ہے جس میں انہوں نے وینزویلا کے بے گھر لوگوں کو رہائش مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تیل کی قیمتوں میں کمی نے وینزویلا کو بھی متاثر کیا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمقوں میں کمی نے وینزویلا کے سماجی بہبود کے بجٹ کو صفرکردیا ہے۔