بلاول کو فیصلوں کے حوالے سے خود مختار کرنے کی باتیں کئی مرتبہ سامنے آ چکی ہیں ،سب کو معلوم ہے فیصلے کون کرتا ہے ‘ ناہید خان

ہماری جدوجہد کا مقصد عہدوں کا حصول نہیں ،شہید قیادت کے مشن کی تکمیل اور انکی سیاسی میراث کو آگے لیکر چلنا ہے ‘ پی پی رہنما

اتوار 8 نومبر 2015 15:16

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 نومبر۔2015ء) بینظیر بھٹو شہید کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد کا مقصد عہدوں کا حصول نہیں بلکہ شہید قیادت کے مشن کی تکمیل اور ان کی سیاسی میراث کو آگے لے کر چلنا ہے ، مفاد پرست ٹولے کے ہوتے ہوئے پیپلزپارٹی کبھی دوبارہ اپنے پاؤں پرکھڑے نہیں ہو سکتی ،اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب متفقہ طور پر ہونا اچھا اقدام ہوگا ۔

گزشتہ روز خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ناہید خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکن پیر اشوٹ کے ذریعے آنے والوں کے پیچھے چلنے کیلئے ہرگز تیار نہیں ۔ ہماری کئی سالوں کی جدوجہد کا مقصد ہرگز عہدوں کا حصول نہیں اگر ایسا ہوتا تو ہم زبان بندی اور اپنی جدوجہد ترک کر کے سب کچھ حاصل کر سکتے تھے لیکن ہم پارٹی کے اندر رہتے ہوئے اس کی بقاء کی جنگ لڑرہے ہیں اور انشا اللہ فتح حق اور سچ کی ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ہماری شہید قائد کا بیٹا اور قابل احترام ہے لیکن انہیں پیپلز پارٹی کی بقاء کے لئے کڑوے فیصلہ کرنا ہوں گے ۔ میرا آج بھی یہی موقف ہے کہ بلاول گزشتہ سات سالوں کا بوجھ اٹھا کر چلنے کی کوشش کریں گے تو انہیں کسی صورت کامیابی نہیں مل سکتی اس لئے انہیں اس بوجھ کو اپنے کندھوں سے اتار پھینکنے کا جتنا جلدی ہو سکے کر لینا چاہیے ۔ بلاول کو پارٹی فیصلوں کے حوالے سے خود مختار کرنے کی باتیں کئی مرتبہ سامنے آ چکی ہیں لیکن سب کو معلوم ہے فیصلے کون کرتا ہے اورپارٹی کے نظریاتی کارکن ان فیصلوں کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :