زرعی یونیورسٹی فیصل آباداور ترکی کی کاستامونویونیورسٹی کے ما بین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اتوار 8 نومبر 2015 15:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 نومبر۔2015ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباداور ترکی کی کاستامونویونیورسٹی نے تعلیمی و تحقیقی تعاون اور طلبہ و اساتذہ کی سطح پر ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں اور کاستامونو یونیورسٹی ترکی کے ریکٹرڈاکٹر سیط ایدن نے اپنے معاونین کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کئے۔

یونیورسٹی کے نیو سنڈیکیٹ ہال میں ہونے والے معاہدے کے مطابق دونوں ادارے گریجوایٹ و پوسٹ گریجوایٹ سطح پر طلبہ کا تبادلہ کر سکیں گے جبکہ مشترکہ ایجوکیشنل پروگرامز متعارف کروانے میں بھی ایک دوسرے کی معاونت کریں گے۔ مزید برآں دونوں ادارے مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ تدریسی اجلاس بھی منعقد کرینگے جبکہ مشترکہ کانفرنس اور سمپوزیم میں بھی ایک دوسرے کیلئے مدد کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے ترکش یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر سیط ایدن نے اُمید ظاہر کی کہ معاہدے کے مطابق دونوں ادارے اپنے تدریسی و تحقیقی تعاون کو بڑھاتے ہوئے مزید وسعت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے سائنسی اداروں کے مابین سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعاون کو بڑھاکر1.8ارب مسلمانوں کی حالت زار میں بہتری لائی جا سکتی ہے اور وہ اُمید رکھتے ہیں کہ مستقبل قریب میں مسلم امہ کو درپیش مسائل و مشکلات میں واضح کمی واقع ہوگی۔

اس موقع پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں 23تا 27نومبر کے دوران ربیع فیسٹیول میں کسان میلہ‘ زرعی نمائش‘ ڈائس پروگرام اور چیف و ایگزوٹک فوڈ فیسٹیول منعقد کیا جا رہا ہے جس میں ملک بھر کی جامعات کے سینکڑوں طلباء و طالبات اپنے بزنس پلانز کے ساتھ شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں بین الاقوامیت کلچر پوری توانائی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور بیرون ممالک سے ہر سال سینکڑوں سائنس دان یونیورسٹی کے مختلف پروگرامز کا حصہ بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ٹیکاکے ساتھ پاکستان میں دیہی سطح پر غریب خاندانوں کی معاشی بہتری کے پروگرام کا متحرک پارٹنر ہے جبکہ انقرہ و استنبول کی جامعات کے ساتھ اشتراک عمل میں شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :