بھاشا ڈیم سے 45سو میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی‘64لاکھ ایکٹر فٹ پانی بھی ذخیرہ ہوگا‘ ملک کی زراعت میں بھی انقلاب آجائے گا‘ پاکستان دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر اپنے وسائل سے کرنے کی اہلیت رکھتا ہے‘ منصوبے کے لئے کوئی اچھوتا طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے فنڈز کا بندوبست خود ہی کرنا پڑے گا ‘ بین الاقوامی سرمایہ کار پانی کے منصوبوں میں دلچسپی نہیں رکھتے

چیئرمین واپڈا ظفر محمود کا انٹر ویو

اتوار 8 نومبر 2015 15:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 نومبر۔2015ء) چیئرمین واپڈا ظفر محمود نے کہا ہے کہ بھاشا ڈیم سے 45سو میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی‘64لاکھ ایکٹر فٹ پانی بھی ذخیرہ ہوگاجس سے ملک کی زراعت میں بھی انقلاب آجائے گا‘ پاکستان دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر اپنے وسائل سے کرنے کی اہلیت رکھتا ہے‘ منصوبے کے لئے کوئی اچھوتا طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے فنڈز کا بندوبست خود ہی کرنا پڑے گا ‘ بین الاقوامی سرمایہ کار پانی کے منصوبوں میں دلچسپی نہیں رکھتے، انہیں اپنے سرمائے کی واپسی کی فکر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک انٹر ویو میں چیئرمین واپڈا ظفر محمودنے کہا کہ دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے تربیلا ڈیم کی زندگی میں بھی 35سال کا اضافہ ہوجائے گا۔بھاشا ڈیم سے نہ صرف 45سو میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی بلکہ 64لاکھ ایکٹر فٹ پانی بھی ذخیرہ ہوگا،جس سے ملک کی زراعت میں بھی انقلاب آجائے گا، دیامیر بھاشا ڈیم کے سپل وے کی بلندی 272میٹر ہوگی جوکہ دنیا میں اب تک تعمیر ہونے والے ڈیمز میں سے بلند ترین ہے۔منصوبے کے مطابق بجلی پیدا کرنے کے لئے دو انڈر گراؤنڈ پاور ہاؤسسز بنائے جائیں گے، جن میں چھ چھ ٹربائن لگائے جائیں گے‘ڈیم کی زد میں آنے والے لوگوں کو متبادل جگہیں مہیا کی جارہی ہیں، کسی سے کوئی زیادتی نہیں ہوگی۔