آل پاکستان مسلم لیگ نے چترال کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان روانہ کردیا

دوٹرکوں پر مشتمل سامان میں خیمے،کمبل،گرم کپڑے ،کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر اشیاء ضروریہ بھیجوائی گئیں

اتوار 8 نومبر 2015 15:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 نومبر۔2015ء) آل پاکستان مسلم لیگ کی طرف سے چترال اور اس کے گردونواح میں رہائش پذیر زلزلہ زدگان کے لئے امدادی سامان ارسال کیاگیا۔دوٹرکوں پر مشتمل سامان میں خیمے،کمبل،گرم کپڑے ،کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر اشیاء ضروریہ بھیجوائی گئیں۔سامان کے ہمراہ مرگلگت بلتستان کی چیف آرگنائزر محترمہ تقدیرہ اجمل اور خیبرپختونخواہ کے صدر اورنگزیب مہمند بھی روانہ ہوئے جبکہ چترال میں آل پاکستان مسلم لیگ کے ممبرقومی اسمبلی شہزادہ افتخارالدین یہ سامان وصول کر کے اپنی زیرنگرانی متاثرین میں تقسیم کریں گے۔

سامان کی روانگی کے وقت مہرین ملک آدم ،آسیہ اسحاق، اورنگزیب مہمند،راجہ حماد حسین اور بابرقریشی کے علاوہ دیگر نے وہاں موجود پارٹی کارکنان اور میڈیا سے گفتگو کی۔

(جاری ہے)

اے پی ایم ایل کے راہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت برائے نام رہ گئی ہے۔زلزلہ متاثرین کے ریلیف کے حوالے سے صرف اور صرف فوج کا کردارنظرآرہا ہے جبکہ صوبائی اور وفاقی دونوں حکومتیں سو رہی ہیں۔

آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل(ر)پرویز مشرف کے دور میں آنے والے زلزلہ کی فوراًامداد کی گئی تھی جس کے نتیجے میں وہ جلد بحال ہوگئے تھے۔اس مرتبہ حکومتوں کی طرف سے بحالی کاکام غیرتسلی بخش ہے۔آل پاکستان مسلم لیگ حکومت کی طرح صرف اعلانات نہیں بلکہ اپنے قائد کی طرح عمل کرتی ہے۔اے پی ایم ایل کی قیادت اپنے قائد کی ہدایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کے لئے آگے بڑھی،ہم متاثرین کی مکمل بحالی تک ان کے لئے کام کرتے رہیں گے۔انہوں نے یوتھ ونگ کراچی کو جنرل(ر)پرویز مشرف،سیکرٹری جنرل ڈاکٹرمحمد امجد،مہرین ملک آدم اور دیگر مرکزی قیادت کی طرف سے مختصر وقت میں ریلیف کا سامان اکٹھا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :