پنجاب میں بین الاقوامی ٹیلنٹ اور سرمایہ کاری کی ترغیب کیلئے سیمینار سے خوش کن نتائج برآمد ہونگے‘ظہیر بھٹہ

کامیاب سیمینار سے پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا ‘چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

اتوار 8 نومبر 2015 16:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 نومبر۔2015ء ) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ظہیر بھٹہ ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس و انڈسٹریز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں منعقدہ بین الاقوامی ٹیلنٹ اور سرمایہ کی ترغیب کے لئے سیمینار سے خوش کن نتائج برآمد ہونگے ۔دو روزہ سیمینار میں ملکی اور دوست ممالک کے غیر ملکی مندوبین ،بین الاقوامی اداروں کے نمائندگان، کنسلٹنٹس، عالمی مالیاتی اداروں ، سرمایہ کاروں اور قومی پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرسے سٹیک ہولڈر کی شرکت نے اس سیمینار کو کامیاب بنایا ۔

انہوں نے کہا کہ ایسے سیمینار ملک کے اندر سرمایہ کاری میں معاون مدد گار ثابت ہوتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خالد افضل شیخ سینئر وائس چیئرمین ،نعمان حسین وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ظہیر بھٹہ نے کہا کہ سرمایہ کاری کی ترغیب کے لئے حکومتی سطح پر سیمینار سے کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی اور یہ سیمینار صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس سیمینار میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کامظہر ہے۔ ملکی معیشت میں مثبت تبدیلی آ رہی ہے۔ ملک میں امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت ہی سرمایہ کاری کی ضامن ہے۔ توانائی انفراسٹرکچر، انڈسٹریل زون ڈیویلپمنٹ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے معاہدے خوش آئند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پنجا ب سمیت ملک بھر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے اور بجلی کے نرخوں میں کمی اورتوانائی بحران کا جلد از جلد خاتمہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :