واسا راولپنڈی شہر کو سپلائی دینے والے بڑے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی اپ گریڈیشن کیلئے 6 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہا ہے،ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود

اتوار 8 نومبر 2015 17:01

راولپنڈی۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 نومبر۔2015ء) منیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی راولپنڈی راجہ شوکت محمود نے کہا ہے کہ واسا راولپنڈی شہر کو سپلائی دینے والے بڑے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی اپ گریڈیشن کیلئے 6 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہا ہے‘راول ڈیم کی مرکزی سپلائی لائن پرلگایا جانے والا جرمنی کا بنا ہوا یہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کوئیک سینڈ ٹیکنالوجی کا حامل اور عالمی ادارہ صحت کے معیار کے مطابق ہے جس کی پانی سپلائی کرنے کی کارکردگی کو بڑھانا مقصود ہے۔

وہ یہاں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ راول ڈیم سے راولپنڈی شہر کو 28 ملین گیلن پانی روزانہ سپلائی ہوتا ہے جبکہ خان پور ڈیم سے روزانہ شہر کو سپلائی ہونے والے پانی کی مقدار 6 ملین گیلن ہے ․ واسا دستیاب وسائل کے بہترین استعمال سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی ذمہ داری کماحقہ پوری کر رہا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو سپلائی ہونے والا پانی عالمی معیار کے مطابق ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راول ڈیم کی سپلائی لائن پر نصب مرکزی واٹر فلٹریشن پلانٹ ہمہ وقت واسا کی نظروں میں رہتا ہے اور اس سے سپلائی ہونے والے پانی کا معیار درست اور عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہے تاہم اس سے پانی کی سپلائی کی کمی اور زیادہ توانائی استعمال کرنے جیسی خرابیوں کو ختم کرنے کیلئے اس کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے جس پر 6 کروڑ روپے خرچ ہونگے ․ راجہ شوکت محمود نے مزید کہا کہ کمشنر راولپنڈی کی خصوصی ہدایات اور مسلسل مانیٹرنگ کے تحت شہر بھر میں موجود واٹر سپلائی لائینوں کی درستگی پر خاص توجہ دی جا رہی ہے اور ان کی لیکیج وغیرہ ختم کر دی گئی ہے تاکہ پانی میں گندگی کی ملاوٹ کا مکمل خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ ڈینگی کے تدارک میں مدد مل سکے ۔