وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف سے ترکی کے معروف سرمایہ کار گروپ کے چےئرمین عبدالقادر توران کی ملاقات

ترک گروپ کی جانب سے زلزلہ متاثرین کیلئے 750بیگوں پرمشتمل سامان بھائی چارے کی اعلی مثال ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 8 نومبر 2015 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 نومبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف سے ترکی کے معروف سرمایہ کار گروپ کے چےئرمین عبدالقادر توران نے ملاقات کی۔عبدالقادر توران نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو اپنے گروپ کی جانب سے پاکستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے گرم کپڑوں پر مشتمل 750 بیگ دےئے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔

زلزلہ ہو یا سیلاب یا کوئی اور قدرتی آفت ترک بھائی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ ترک گروپ کی جانب سے زلزلہ متاثرین کیلئے گرم کپڑوں پر مشتمل 750بیگ دینا بھائی چارے کی اعلی مثال ہے ۔زلزلہ متاثرین کی مددکرنے والے ترک بھائیوں کا جذبہ ایثار لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران بھی ترک بہن بھائیوں نے بھائی چارے کی لازوال داستانیں رقم کیں اور ترک سرمایہ کاروں نے عید جیسا تہوار بھی اپنے ملک کے بجائے پاکستان کے سیلاب زدگان کے ساتھ گزارا۔

مصیبت کی گھڑی میں ترک بہن بھائیوں کے تعاون کوہم کبھی بھلا نہیں سکتے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر توران نے کہا کہ ہم زلزلہ سے متاثرہ پاکستانی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ عبدالقادر توران نے پنجاب میں کاروباری مواقع کے حوالے سے کامیاب بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس کے انعقاد پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی۔اس موقع پر ایم این اے مہر اشتیاق احمداور خواجہ احمد حسان بھی موجودتھے ۔