وزیراعلیٰ سے چینی کمپنی کے نائب صدرکی ملاقات،ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال

گیس اورکوئلے سے چلنے والے توانائی منصوبے مکمل ہونے سے عوام کو سستی بجلی ملے گی،ساہیوال میں 660 میگاواٹ کے 2 کول پاور پلانٹس کا منصوبہ پاک چین دوستی کی ایک اور شاندار مثال ہے‘شہبازشریف 1320 میگاواٹ کے منصوبے پر برق رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے، چینی عملے کو ہرممکن سہولتیں فراہم کی گئی ہیں،ساہیوال میں سپر کریٹیکل کول پاور پلانٹس لگائے جا رہے ہیں جو ماحول دوست ہیں‘وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 8 نومبر 2015 17:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 نومبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چین کی ہیواننگ شین ڈونگ پاور کمپنی کے نائب صدرلیوجیائی کی سربراہی میں وفدنے ملاقات کی۔ملاقا ت کے دوران 1320 میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور منصوبے پرہونیوالی پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوااورمنصوبے پرمزید تیز رفتاری سے کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے اس اہم منصوبے کو جلد سے جلد حقیقت کا روپ دیں گے۔گزشتہ برس آنیوالی رکاوٹوں کے باوجود منصوبے کوریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ساہیوال میں 660 میگاواٹ کے 2 کول پاور پلانٹس کا منصوبہ پاک چین دوستی کی ایک اور شاندار مثال ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ 1320 میگاواٹ کے منصوبے پر برق رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے۔ سائٹ پر کام کرنے والی چینی کمپنی کے انجینئرز اور عملے کو ہرممکن سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ساہیوال کول پاور پراجیکٹ قومی نوعیت کا انتہائی اہم منصوبہ ہے۔ساہیوال میں سپر کریٹیکل پاور پلانٹس لگائے جا رہے ہیں جو ماحول دوست ہیں۔منصوبے کے حوالے سے ایک ایک لمحہ قیمتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کول پاورپلانٹس کامنصوبہ 2017ء میں مکمل ہوگا ۔گیس اورکوئلے سے چلنے والے بجلی کے منصوبے مکمل ہونے سے عوام کو سستی بجلی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طورپر ساہیوال کول پاورپلانٹس پرہونے والی پیش رفت کا جائزہ لے رہا ہوں۔ نائب صدر چینی کمپنی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی جانب سے غیرمعمولی تعاون پر شکرگزار ہیں۔

چینی کمپنی کے نائب صدر نے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ منصوبے کو 2017 میں مکمل کریں گے اوروزیراعلیٰ شہباز شریف کے ویژن کے تحت منصوبے پر تیز رفتاری سے کام کیا جارہا ہے۔پنجاب پاور ڈویلپمنٹ بورڈ کے چےئرمین عارف سعید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی،سیکرٹری توانائی اورچینی کمپنی ہیواننگ شین ڈونگ کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجودتھے ۔

متعلقہ عنوان :