وفاقی دارلحکومت کے پہلے فرنیچر ایکسپو کا شاندار اختتام

تین روزہ نمائش میں ایک لاکھ سے زائد شائقین کی بھر پور شرکت

اتوار 8 نومبر 2015 17:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 نومبر۔2015ء)وفاقی دارلحکومت کا پہلا فرنیچر ایکسپو" انٹیرئیر پاکستان" شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوگیا۔ تین روز تک جاری رہنے والی فرنیچر نمائش میں جڑواں شہروں اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے ایک لاکھ سے زائد شائقین نے بھرپور شرکت کی۔ پاکستان فرنیچر کونسل کی جانب سے منعقد کی گئی نمائش کی اختتامی تقریب کا انعقاد گزشتہ روز (اتوار) مقامی ہوٹل میں کیا گیاجس میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینٹر مشاہد حسین سید مہمان خصوصی تھے جبکہ فرنیچر کی صنعت سے وابستہ ملک بھر سے تعلق رکھنے والے چنیدہ ماہرین اور فرنیچر ساز اداروں کے نمائندوں کے علاوہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینٹر مشاہد حسین سیدنے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنی طرز کی پہلی منعقد کی جانے والی فرنیچر نمائش کے شاندار انعقاد پر پاکستان فرنیچر کونسل کے کردار کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے نہایت متحرک اور سرگرم کردار ادا کرنے والے سینٹر مشاہد حسین سید نے فرنیچر ساز اداروں کو اقتصادی راہداری کے کاروباری حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان فرنیچر کونسل کی جانب سے منعقد کیے گئے انٹیرئیر پاکستان ایکسپو کا تیسرا روز انتہائی کامیاب رہا جس میں جڑواں شہروں کے علاوہ دیگر علاقوں سے آئے ہوئے مجموعی طورپر ایک لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی اور نمائش میں رکھی گئی فرنیچر مصنوعات ، ہنرمندوں کی کاریگری اور تخلیقی صلاحیتوں کو بے حد سراہا۔

ایکسپو کے تیسرے روز مقامی ہوٹل میں پاکستان میں فرنیچر انڈسٹری سے وابستہ تقریباً تمام چنیدہ اداروں نے اپنے اسٹالز کا اہتمام کیا اور نمائش میں آنے والے شہریوں کو رعائتی قیمتوں پر فرنیچر مصنوعات پیش کیں۔ تین روزہ انٹیرئیرپاکستان نمائش کا اہتمام ملک بھر کے فرنیچر انڈسٹری سے وابستہ اداروں کی نمائندہ تنظیم پاکستان فرنیچر کونسل نے یہاں ایک مقامی ہوٹل میں کیا ہے ۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے پاکستان فرنیچر کونسل کے ڈائریکٹر رضوان امجد نے کہا کہ اس بار انٹیرئیر پاکستان وفاقی دالحکومت میں پہلی بار منعقد کی جارہی ہے جس کا بنیادی مقصد بین الاقوامی برادری کے نمائندوں ، سفیروں اور وفاقی حکومت کے اہم اداروں کو فرنیچر انڈسٹری کے حوالے آگاہی فراہم کرنا ہے ان کا کہنا تھا کہ ملک کی فرنیچر ایکسپورٹ اس وقت معیار کے حوالے سے بہت کم ہیں لیکن موجودہ حکومت نے اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

نمائش میں پیش کی گئی مصنوعات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر رضوان امجد نے کہا کہ ملک کے تقریباً تمام بڑے فرنیچر ساز اداروں ، انٹیرئیر ڈیزائینز اور عمارتی حسن سے وابستہ اداروں نے اپنے سٹالز لگائے ہیں جہاں ہر طرح کی اشیاء دستیاب ہیں۔ ان کے اندازوں کے مطابق جڑواں شہروں سمیت دوسروں علاقوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ نمائش کے دوسرے روز پاکستان میں سفارتی حلقوں سے وابستہ غیر ملکی عہدے داران، فرنیچر ساز اداروں کے نمائندوں اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔