پاکستان انتہائی کم وسائل کے باوجود دہشت گردی کے ناسور سے کامیابی سے نمٹ رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کے بعد پاکستان کو دنیا بھر میں ایک رول ماڈل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے،ائیر شو میں پاکستان کی نمائندگی پر فخر ہے ، دنیا کے کئی ممالک باالخصوص اسلامی ممالک نے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں میں کافی دلچسپی ظاہر کی ہے،پاک فضائیہ کے سربراہ کی دوبئی ائیر شوکی افتتاحی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

اتوار 8 نومبر 2015 22:44

دوبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8نومبر۔2015ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے دوبئی ائیر شوکی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔ کئی ممالک کی فضائی افواج کے سربراہان اور وفود بھی اس تقریب میں موجود تھے ۔ اس ائیر شو کا افتتاح دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے وزیرِاعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا۔ پاک فضائیہ کا سپرمشاق طیارہ بھی اس ائیرشومیں زمینی اور فضائی مظاہرہ کرے گا۔

پاکستان کے وزیر دفاع ، خواجہ محمد آصف اور وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار ، رانا تنویر حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ کی جانب سے لگائے گئے سٹال کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان نے انتہائی کم وسائل کے باوجود دہشت گردی کے ناسور سے کامیابی سے نمٹ رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کے بعد پاکستان کو دنیا بھر میں ایک رول ماڈل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس آپریشن کے بعد ملک میں امن و امان کی صورت حال کافی بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ائیر شو میں پاکستان کی نمائندگی پر انہیں فخر ہے اور دنیا کے کئی ممالک باالخصوص اسلامی ممالک نے JF-17 تھنڈر طیاروں میں کافی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ائیر چیف نے کمانڈر یو اے ای ائیر فورس اور ائیر ڈیفنس ائیر وائس مارشل ابراھیم ناصر محمد العلاوی سے ملاقات کی اور پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے اس شو میں کئی سٹا لز کا دورہ کیا اور کئی ممالک کے فضائی افواج کے اعلٰی عہدیداران سے ملاقات بھی کی۔