فلسطینی اتھارٹی کا ہیڈکواٹر غزہ منتقل کرنے کی تجویز

پیر 9 نومبر 2015 12:20

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔9 نومبر۔2015ء) مصر کے صدرریٹائرڈ فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس پر زور دیا ہے کہ وہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں قائم اتھارٹی کے ہیڈ کواٹر کو دوبارہ غزہ کی پٹی منتقل کریں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر عبدالفتاح السیسی نے یہ تجویز قاہرہ کے دورے پر آئے صدر محمود عباس سے ملاقات کے دوران پیش کی۔

مصری ایوان صدر کے ترجمان علاء یوسف نے میڈیا کو بتایا کہ محمود عباس سے بات کرتے ہوئے صدر عبدالفتاح السیسی کا کہنا تھا کہ ان کا ملک فلسطینیوں کے آئینی حقوق کے حصول کی حمایت کے ساتھ مسئلہ فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا۔صدر السیسی نے کہا کہ وہ فلسطین کے سنہ 1967ء کی جنگ کے دوران اسرائیل کے قبضے میں چلے جانے والے علاقوں پرمشتمل ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کے حامی ہیں جس میں مشرقی بیت المقدس کو اس ریاست کا دارالحکومت بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور جامع حل مشرق وسطیٰ میں پائی جانیوالی کشیدگی اور بے چینی کی لہرکو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے مصری حکومت کی فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کی حمایت پرمبنی پالیسی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مصر نے فلسطینیوں کے حقوق اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے جاری سیاسی جدو جہد میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔

قاہرہ کی کوششوں سے متعدد مرتبہ فلسطین۔ اسرائیل امن بات چیت بحال کی گئی اور خطے میں امن وامان کو آگے بڑھانے کے لیے متعدد سنجیدہ اقدامات کیے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہوئی ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورت حال، بیت المقدس اور غرب اردن میں جاری کشیدگی، یہوید آباد کاری اور فلسطین۔ اسرائیل امن بات چیت کی بحالی کے ضمن میں ہونے والی علاقائی اور عالمی مساعی پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ صدر السیسی نے ابو مازن کو تجویز پیش کی کہ وہ فلسطینی اتھارٹی اتھارٹی کا ہیڈ کواٹر رام اللہ کیبجائے غزہ کی پٹی میں منتقل کریں۔ غزہ کی پٹی کی تمام راہ داریوں کا نظم نسق بین الاقوامی قراردادوں کی روشنی میں چلایا جاسکے اور اہالیان غزہ کو درپیش روز مرہ کی ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کی جاسکے۔ دونوں رہ نماؤں نے فلسطین کے عرب علاقوں مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیل کی غیرقانونی یہودی آباد کاری روکے جانے، فلسطینیوں کو ہرممکن تحفظ فراہم کرنے اور آزاد فلسطینی ریاست کیقیام کے لیے امن بات چیت جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :