عالمی حدت کے باعث آئندہ پندرہ برسوں کے دوران مزید 10 کروڑ افراد غربت کا شکار ہوسکتے ہیں۔ عالمی بنک کی رپورٹ

پیر 9 نومبر 2015 12:29

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔9 نومبر۔2015ء)عالمی بینک نے اپنی ایک رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ عالمی حدت کے باعث آئندہ پندرہ برسوں کے دوران مزید 10 کروڑ افراد غربت کا شکار ہوسکتے ہیں۔عالمی بینک نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں عالمی حدت میں اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث بیماریوں میں اضافے اور فصلوں کے تباہ ہونے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق کم بارشوں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث نہ صرف غریب افراد زیادہ متاثر ہورہے ہیں بلکہ غربت میں کمی کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق اگر فوری طور پر موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف اقدام نہ اٹھائے گئے اور دھوئیں اور زہریلی گیسوں کے اخراج کا تدارک نہ کیا گیا تو اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے اور 2030 تک مزید دس کروڑ افراد غربت کا شکار ہوسکتے ہیں ۔