آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں 208 رنز سے ہراکر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی

پیر 9 نومبر 2015 12:38

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں 208 رنز سے ہراکر سیریز میں ..

برسبین ۔ 09 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔9 نومبر۔2015ء) آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں 208 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ ڈیوڈ وارنر کو دونوں اننگز میں سنچریاں سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا، آسٹریلوی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم 504 رنز ہدف کے تعاقب میں295 رنز پر ڈھیر ہوگئی، میچ کے پانچویں اور آخری روز کیویز کو میچ میں کامیابی کے لئے 362 رنز جبکہ آسٹریلیا کو 7 وکٹیں درکار تھیں تاہم پانچویں روز کینگروز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیویز کو 295 رنز پر ڈھیر کرکے میچ بڑے مارجن 208 رنز سے جیت لیا۔

کیویز کی طرف سے کپتان برینڈن میکولم 80 اور کین ولیمسن 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کی طرف سے دوسری اننگز میں عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیتھن لیون نے تین، مچل مارش، جوش ہیزل ووڈ اور مچل سٹارک نے دو، دو جبکہ مچل جانسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پیر کو برسبین کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل تھا اورکیویز کو میچ میں کامیابی کے لئے 362 رنز جبکہ آسٹریلیا کو 7 وکٹیں درکار تھیں۔

کیویز نے اپنی دوسری اننگز 142 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو روز ٹیلر 20 اور برینڈن میک کلم 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے، روز ٹیلر گزشتہ روز کے سکور میں صرف 6 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر سٹیون سمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ جیمز نیشم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 3 رنز بناکر مچل جونسن کا نشانہ بن گئے۔ 242 کے مجموعی سکور پر نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ گر گئی جب بی جے واٹلنگ 14 رنز بنانے کے بعد نیتھن لیون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

مچل مارش نے ایک ہی اوور میں برینڈن میک کلم اور ڈگ بریسویل کو آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کو فتح کے قریب لے آئے۔ میک کلم نے 80 رنزکی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ بریسویل بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ ٹم ساؤدی 5 اور ٹرینٹ بولٹ 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ مارک کریگ 26 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 295 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اسے 208 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیتھن لیون نے تین، مچل مارش، جوش ہیزل ووڈ اور مچل سٹارک نے دو، دو جبکہ مچل جونسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ڈیوڈ وارنر کو دونوں اننگز میں سنچریاں سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :