لاہور ہائیکورٹ نے ممکنہ مئیر لاہور اورلیگی رہنما خواجہ احمد حسان کے بلامقابلہ چئیرمین یونین کونسل جیت کے خلاف اور ان کی نااہلی کے لئے دائر درخواست واپس لینے کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 9 نومبر 2015 12:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9 نومبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار عزیز مسعود نے عدالت کو بتایا کہ وہ یونین کونسل 107کے ووٹر نہیں ،،،قانون کے مطابق حلقے کا ووٹر ہی اپنے چئیرمین یا کونسلر کے انتخاب کو چیلنج کر سکتا ہے،،انہوں نے عدالت کو بتایا کہ وہ حلقے سے تعلق نہ رکھنے کی بنا پر اپنی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں تاکہ قانون کے تقاضوں کو مکمل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل شیراز ذکاءنے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے انہیں اعتماد میں لئے بغیر درخواست واپسی کے لئے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے،اعلی عدلیہ کے فیصلے موجود ہیں کہ نااہلی کی درخواست کو پٹیشنز کی جانب سے واپس نہیں لیا جا سکتا۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں لہذا درخواست قابل سماعت نہ ہونے کے باعث غیر موثر قرار دے کر مسترد کی جائے۔خواجہ احمد حسان کے وکیل ملک اویس خالد نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ حسان کے پاس یہ عہدہ اعزازی تھا انہوں نے اس عہدے پر رہتے ہوئے کوئی مراعات حاصل نہیں کیں۔جس پر عدالت نے فریقین کے وکلاءکے دلائل سننے کے بعدپٹیشن واپس لینے سے متعلق درخواست گزار کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

متعلقہ عنوان :