Live Updates

پاکستان تحریک انصاف جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے اپنا کردارادا کرے ‘ اعجاز الحق

پیر 9 نومبر 2015 13:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) مسلم لیگ (ض) کے سربراہ رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے اپنا کردارادا کرے ۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاٹا کے اراکین قومی اسمبلی نے سپیکر کے امیدوار کو سردار ایاز صادق کے حق میں دستبردار کروایا جو اچھی روایت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو تجویز دی تھی کہ وہ سپیکر کیلئے سردار ایاز صادق کی حمایت کریں مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا اب وہ جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور عام انتخابات 2018ء کی تیاریاں کریں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف والوں کے قول و فعل میں تضاد ہے اب سردار ایاز صادق کو سپیکر تسلیم کریں ۔ مثبت تنقید ان کا حق ہے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کیلئے بہت اچھا موقع تھا کہ وہ سپیکر کے انتخاب میں دیگر جماعتوں کے ساتھ ملکر ایک متفقہ سپیکر کو کامیاب بناتے، اب انہیں سسٹم کو تسلیم کرنا چاہئے ۔ اعجاز الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں نے سردار ایاز صادق کے حوالے سے بہتر فیصلہ کیا جو ایک اچھی روایت ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات