شاعر مشرق حضرت علامہ اقبال نے پاکستان کا خواب دیکھا ‘قائد اعظم محمد علی جناح نے مسلمانوں کے لیے اپنی انتھک محنت سے پاکستان کا قیام عمل میں لا کر اس خواب کی تعبیر مکمل کی

ڈپٹی ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور چودھری بابر شہزاد کی صحافیوں سے بات چیت

پیر 9 نومبر 2015 14:00

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء) ڈپٹی ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور چودھری بابر شہزاد نے کہا ہے کہ شاعر مشرق حضرت علامہ اقبال نے پاکستان کا خواب دیکھا اور قائد اعظم محمد علی جناح نے مسلمانوں کے لیے اپنی انتھک محنت سے پاکستان کا قیام عمل میں لا کر اس خواب کی تعبیر مکمل کی ۔ہماری نوجوان نسل کو اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چل کر منزل کا تعین کرنا ہو گا۔

علامہ اقبال نے اپنی شاعری سے نوجوانوں کو مثبت سوچ کی فکر دی۔

(جاری ہے)

انکی شاعری میں روحانیت ہے۔ان کے نظریے اور تصورات سے نوجوانوں کو آگاہی ضروری ہے۔موجودہ مسائل سے نجات حاصل کرنے کے لیے ہمیں علامہ اقبال کی شاعری سے مدد لینی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم اقبال کے موقعہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چودھری بابر شہزاد نے کہا پاکستان کے استحکام اور دفاع کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا یہ ملک بہت مشکل اور قربانیوں سے حاصل کیا گیا ہے اب ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اس ملک کو امن کا گہوارہ بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہو جائیں۔