پسے ہوئے طبقات کو اپنے حقوق کیلئے مٹھی بھر ” مافیا “ کیخلاف متحد ہونا ہوگا ‘ جمشید اقبال چیمہ

پیر 9 نومبر 2015 14:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء)تحریک انصاف پنجاب میڈیا ٹاسک فورس کے کنوینر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پسے ہوئے طبقات کو اپنے حقوق کیلئے مٹھی بھر ” مافیا “ کیخلاف متحد ہونا ہوگا ،حکمرانوں کااپنا کاروبار تو دن دوگنی رات چوگنی ترقی کررہا ہے جبکہ غریب کے حالات سنورنے کی بجائے مزید بیگاڑ کا شکار ہوتے چلے جارہے ہیں، عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف عوام کو ان کے حقوق دلانے اورلوٹ مار کرنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں لانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارٹی دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہے اس لئے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت میڈیا میں منفی پراپیگنڈا کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ کسی کے نجی معاملات میں دخل اندازی کرے ۔اس طرح کے اقدامات عمران خان کو حق اور سچ کی راہ سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے انشا اللہ وہ دن جلد آئے گا جب منفی پراپیگنڈا کرنے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کے تیور دیکھ لیں اور انہیں ان کے بنیادی حقوق دئیے جائیں بصورت دیگر عوام خود اپنے حقوق چھین لیں گے۔ جمشید اقبال چیمہ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف پر امن سیاسی جماعت ہے لیکن حکمران جماعت طاقت کے نشے میں غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے ۔ بلدیاتی انتخابات کاآغاز ہونے سے اب تک ہمارے 11کارکنوں کو شہید کیا جا چکا ہے جبکہ ابھی تک ایک بھی ملزم کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا ۔

انہوں نے پنجاب حکومت کی حالیہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس کی الماریاں پہلے ہی اس طرح کے معاہدوں اور ایم او یوز سے بھری پڑی ہیں۔ سرمایہ کاری کانفرنس میں ہونے والے معاہدوں اور ایم اویوز کی دستاویزات رکھنے کیلئے نئی الماریاں بنانا پڑیں گی ۔