سردار ایاز صادق بھاری اکثریت سے قومی اسمبلی کے 20 ویں سپیکر منتخب ،وزیراعظم کی مبارکباد

پیر 9 نومبر 2015 14:37

سردار ایاز صادق بھاری اکثریت سے قومی اسمبلی کے 20 ویں سپیکر منتخب ،وزیراعظم ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء) سردار ایاز صادق بھاری اکثریت سے قومی اسمبلی کے بیسویں سپیکر منتخب ہوگئے‘ سردار ایاز صادق نے سپیکر کے انتخاب میں 300 میں سے 268ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی ان کے مدمقابل شفقت محمود نے 31 ووٹ حاصل کئے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا‘ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ایک شخصیت کو دو مرتبہ سپیکر قومی اسمبلی بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو قومی اسمبلی کے بیسویں سپیکر کے انتخاب کے لئے 342رکنی ایوان میں پولنگ ہوئی۔ ایوان میں مسلم لیگ (ن) کے اراکین کی تعداد 188‘ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین 46‘ تحریک انصاف 33‘ ایم کیو ایم 24‘ جے یو آئی (ف) 13‘ مسلم لیگ فنکشنل کے 5‘ جماعت اسلامی کے 4‘ مسلم لیگ (ق) کے 2‘ پختونخوا ملی پارٹی کے 4‘ عوامی نیشنل پارٹی کے 2‘ مسلم لیگ ضیاء اور عوامی مسلم لیگ کے ایک ایک رکن سمیت دیگر اراکین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سپیکر کے لئے انتخابات میں پیپلز پارٹی ‘ جمعیت علماء اسلام(ف) ‘ ایم کیو ایم اور فاٹا اراکین نے ایاز صادق کی حمایت میں ووٹ ڈالا جبکہ تحریک انصاف کے اراکین اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد نے شفقت محمود کو ووٹ دیا‘ ووٹنگ شروع ہوئی تو وزیراعظم نواز شریف نے اپنا ووٹ ڈال کر پولنگ کا آغاز کیا جس کے بعد قومی اسمبلی کے دیگر اراکین نے باری باری پکارے جانے پر اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔

دن بارہ بجے کے بعد قائمقام سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی طرف سے آخری مرتبہ اعلان کیا گیا کہ جس جس نے ووٹ نہیں ڈالا ووٹ ڈال لے جس کے بعد پولنگ کے مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی تو سردار ایاز صادق 268ووٹ لے کر قومی اسمبلی کے بیسویں سپیکر منتخب ہوگئے

ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے امیدوار شفقت محمود نے 31ووٹ حاصل کئے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔

ایاز صادق کو ملکی تاریخ میں پہلی بار دو مرتبہ سپیکر بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ ان کی کامیابی پر مسلم لیگ (ن) اور ان کے دیگر حامی رہنماؤں کی طرف سے ڈیسک بجا کر اور کھڑے ہو کر تالیوں سے مبارکباد دی گئی جس کے بعد قائمقام سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے سردار ایاز صادق سے قومی اسمبلی کے سپیکر کی حیثیت سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے کے بعد ایاز صادق نے سپیکر کا گاؤن پہن کر باقاعدہ نشست سنبھالی اور اجلاس کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے خطاب کیا۔

واضح رہے کہ پیر کو خفیہ رائے شماری سے قومی اسمبلی کے بیسویں سپیکر کا انتخاب کیا گیا۔ جس میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے سردار ایاز صادق جبکہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے شفقت محمود میں مقابلہ ہوا۔ سپیکر کا انتخاب آئین کے آرٹیکل 53 اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط 9کے تحت کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے سپیکر کے انتخاب کے لئے ووٹ ڈال کر پولنگ کا آغاز کیا جس کے بعد وہ ایوان سے چلے گئے۔

اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف ‘ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق‘ وزیر دفاع خواجہ آصف‘ ایاز صادق‘ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال‘ وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر‘ وزیر مملکت شیخ آفتاب اجلاس شروع ہونے سے قبل ہی ایوان میں پہنچ گئے تھے اجلاس مقررہ وقت 9بجے شروع ہوا سپیکر قومی اسمبلی کے لئے پولنگ 9بج کر 15 منٹ پر شروع ہوئی۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ایوان میں 10بج کر 33منٹ پر آئے پی ٹی آئی چیئرمین نے ایوان میں آمد پر پارٹی اراکین کے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے علاوہ کسی دوسری پارٹی کے رکن سے مصافحہ نہ کیا پی ٹی آئی چیئرمین نے دس بج کر چھتیس منٹ پر اپنا ووٹ پول کیا اور فوراً ایوان سے چلے گئے اس دوران پی ٹی آئی کے امیدوار سپیکر شفقت محمود اور دیگر پی ٹی آئی اراکین انہیں الوداع کرنے گئے مگر پی ٹی آئی کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی اپنی سیٹ پر بیٹھے رہے اور ان کو الوداع کرنے بھی نہ گئے۔

بعد ازاں قومی اسمبلی کے بیسویں سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ایوان کی کارروائی کا آغاز ہوا تو ان کے خطاب کے بعد پی ٹی آئی کے شفقت محمود نے اپنے خطاب میں مبارکباد دی جس کے بعد اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور ایم کیو ایم کے فاروق ستار نے بھی اپنے خطاب میں انہیں مبارکباد دی۔