میرپور کے حقوق پر کوئی کمپرومائز نہیں کر سکتے‘مخالفین کو میرپور کی تعمیر وترقی ہضم نہیں ہو رہی‘وزیر اعظم عبدالمجید اور معاون خصوصی چودھری اشرف کا مجھے مکمل اعتماد حاصل ہے‘شہر میں سڑکوں کی تعمیر اورصحت و صفائی پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں

ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور خواجہ ساجد پہلوان کی صحافیوں سے بات چیت

پیر 9 نومبر 2015 14:42

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء) ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور خواجہ ساجد پہلوان نے کہا ۔ میرپور کے حقوق پر کوئی کمپرومائز نہیں کر سکتے ۔مخالفین کو میرپور کی تعمیر وترقی ہضم نہیں ہو رہی۔وزیر اعظم چودھری عبدالمجید اور معاون خصوصی چودھری محمد اشرف کا مجھے مکمل اعتماد حاصل ہے۔شہر میں سڑکوں کی تعمیر اورصحت و صفائی پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

آئندہ الیکشن میں لوگوں کے پاس اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جائینگے ۔ضمنی الیکشن میں قائدین نے جو وعدے کیے تھے ان کو پورا کر رہے ہیں۔عوام خود فیصلہ کریں کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے انکو کیسے نمائندے کی ضرورت ہے ۔میرے دروازے بلاتخصیص شہریوں کے لیے کھلے ہیں ۔کسی کی بلیک میلنگ برداشت نہیں کرئینگے میرا عہدہ شہریوں کی امانت ہے ۔

(جاری ہے)

شہر کی تعمیر وترقی پر کسی سے کمپرومائز نہیں کرئینگے ۔

کرپشن اورقبضہ مافیا کے خلاف گہراہ تنگ کر دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔خواجہ ساجد پہلوان نے کہاپیپلز پارٹی کا منشور ہی عوام کی فلاح و بہبود ہے ۔شہید بھٹو اور بی بی رانی شہید کے ویژن کے مطابق لوگوں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ،سڑکوں کی مرمتی ، صحت و صفائی سمیت شہر کے تمام مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔خواجہ ساجد پہلوان نے کہا میرا جینا اور مرنا پیپلز پارٹی اور میرپور کے عوام کے لیے ہے۔انہوں نے کہا میرپور کے لوگوں نے منگلا ڈیم کی تعمیر اور ڈیم ریزنگ کے وقت جو ہجرت کر کے اپنے اباؤ اجداد کی قبروں کو پانی کی نذر کیا ہے وہ تاریخ میں سنہرے حروف سے درج ہونگی۔