Live Updates

سردار ایاز صادق 268 ووٹ لیکر قومی اسمبلی کے ایک بارپھر سپیکر منتخب ہوگئے ،تحریک انصاف کے شفقت محمود 31 ووٹ لے سکے

پیر 9 نومبر 2015 14:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق 268 ووٹ لیکر قومی اسمبلی کے بیسویں سپیکر منتخب ہوگئے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار شفقت محمود نے 31 ووٹ حاصل کئے ۔ پیر کو نئے سپیکر کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس قائم مقام سپیکر جاوید مرتضیٰ عباسی کی صدارت میں ہوا جس میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھی شرکت کی۔

قائم مقام سپیکر نے نئے سپیکر کے انتخاب کیلئے طریقہ کار کا اعلان کیااور بعد ازاں سردار ایاز صادق کی کامیابی پر ان سے حلف لیا اورسپیکر کی نشست ان کے حوالے کر دی۔سپیکر کے انتخاب کے دور ان سردار ایاز صادق کی طرف سے جنید انوار اور شفقت محمود کی طرف سے انجینئر علی محمد نے پولنگ ایجنٹ کے فرائض انجام دیئے۔

(جاری ہے)

سب سے پہلا ووٹ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کاسٹ کیا اور ووٹ ڈالنے کے بعد وزیراعظم ایوان سے روانہ ہوگئے پولنگ کا عمل 12 بج کر 55 منٹ تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا اس دوران قائم مقام سپیکر نے متعدد مرتبہ ارکان کو ووٹ ڈالنے کی ہدایت کرتے رہے اور 12 بج کر 50 منٹ پر قائم مقام سپیکر نے حتمی اعلان کیا کہ جو ارکان ووٹ ڈالنے سے رہ گئے ہیں وہ اپنا ووٹ کاسٹ کرلیں مگر اس حتمی اعلان پر کوئی بھی رکن ووٹ ڈالنے نہیں آیا جس پر قائم مقام سپیکر نے بارہ بج کر 55 منٹ پر سیکرٹری قومی اسمبلی محمد ریاض کو ووٹوں کی گنتی کا حکم دیا اور بیلٹ باکس خالی کر کے ووٹوں کی گنتی شروع کردی گئی، پولنگ اور گنتی کے دوران ارکان خوش گپیوں میں مصروف رہے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان دس بج کر 30 منٹ پر ایوان میں آئے اور دس بج کر 35 منٹ پر ووٹ ڈالنے کے بعد عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد اور تحریک انصاف کے دیگر ارکان کے ہمراہ ایوان سے باہر چلے گئے

ایوان میں موجودگی کے دوران عمران خان نے کسی جماعت کے پارلیمانی لیڈر یا رکن سے ملاقات نہیں کی جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار ایاز صادق پولنگ کے عمل کے دوران ارکان کی نشستوں پر جا کر ان سے ملاقات کرتے رہے اس دوران وہ قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی ساتھ والی نشست پر جا کر بیٹھ گئے اور کافی دیر تک ان سے بات چیت کرتے رہے جبکہ پارلیمانی امور کے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد بار بار سردار ایاز صادق کے پاس جا کر اہم امور پر ان سے مشاورت کرتے رہے ، گنتی کے بعد قائم مقام سپیکر جاوید مرتضیٰ عباسی نے سردار ایاز صادق کی کامیابی کا اعلان کیا تو مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کے ارکان نے زور دار ڈیسک بجائے اور دیکھو دیکھو کون آیا ، شیر آیا شیر آیا کے زوردار نعرے لگائے، اس دوران ارکان نے گلے مل کر سردار ایاز صادق کو مبارکباد دی۔

سپیکر کے انتخاب کیلئے کل 300 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جن میں سے 299 ووٹ درست قرار پائے گئے سردار ایاز صادق نے 268 اور شفقت محمود نے 31 ووٹ حاصل کئے۔ قائم مقام سپیکر نے ایاز صادق کو سپیکر منتخب ہونے پر ایوان کی طرف سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ بھی پارلیمانی تاریخ کا ایک ریکارڈ ہے کہ ایک ہی اسمبلی میں سردار ایاز صادق دو مرتبہ سپیکر منتخب ہوئے ، بعد ازاں قائم مقام سپیکر نے حلف لیا اور مصافحہ کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی، حلف اٹھانے کے بعد سپیکر ایاز صادق نے کرسی صدارت سنبھال لی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات