مودی دولت کی چمک سے کشمیریوں کے ضمیر خرید نہیں سکتا‘چوہدری پرویز اشرف

پیر 9 نومبر 2015 15:03

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) آزادکشمیر کے وزیر ہاوٴسنگ وفزیکل پلاننگ چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور نہتے مظلوم کشمیریوں پر انسانیت سوز سلوک کررہا ہے ۔ مودی دولت کی چمک سے کشمیریوں کے ضمیر خرید نہیں سکتا،موجودہ پیکج جیسے ہزاروں/ لاکھوں پیکجز بھی کشمیری قوم جوتی کی نوک پر رکھتی ہے، انہوں نے یہ بات آسڑیلیا سے وطن واپس پہنچنے پر اخبار نویسوں اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،10 روزہ دورہ سے واپسی کے بعد انہوں نے کہاکہ مودی کی پاکستان سے شدید مخالفت کو بھارتی عوام نے بھی پسند نہیں کیا اور بہار میں بھی بی جے پی کو جو عبرتناک شکست ہوئی ہے اس کوسامنے رکھتے ہوئے مودی کو چائیے کہ وہ اپنی من پسندی کے بجائے اقوام متحدہ کی قرراردادوں پر عمل کرے جوکہ بھارت نے خود اقوام متحدہ میں پیش کی تھیں انہوں نے کہاکہ آزادی کشمیریوں کابنیادی حق اور کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،آزادی سے کشمیریوں کو کوئی روک نہیں سکتا،پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیادمسئلہ کشمیر پررکھی گئی ہے،

انشاء اللہ مسئلہ کشمیر کاحل بھی پی پی حکومت ہی کے دور میں حل ہوگا۔

(جاری ہے)

آزاد خطہ میں آئندہ حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کی ہوگی عوام کارکردگی پر یقین رکھتی ہے ،ان ہمارا مطالبہ ہے کہ اقوام عالم اور اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروانے میں اپنا کردار ادا کرے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کسی زمین کامسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ کشمیریوں کے حق خوداریت کا مسئلہ ہے جو کہ بھارتی حکومت کی درخواست پر اقوام متحدہ نے کشمیریوں سے کیا تھا کہ کشمیر کامسئلہ کشمیری عوام کے استصواب رائے سے حل ہوگا ہم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی قرار دادوں پر عمل درآمد کرواتے ہوئے کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دے اور وہاں پرجاری مظالم کو بند کروانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے باعث پوری دنیا ایٹمی جنگ کے خطرے میں ہے لہذا اقوام عالم اس مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو حل کروائے اور اس وقت تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بند کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے انہوں نے مزید کہاکہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی /کشمیری کمیونٹی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ آج مسئلہ کشمیر اقوام عالم کاایک بڑا مسئلہ بن چکاہے،انہوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر ، کشمیر کاز کواجاگر کرنے کیلئے تمام وسائل صرف کررہی ہے ۔آسٹریلیا میں مقیم کشمیریوں نے وہاں کی حکومت کو اس مسئلہ کو بہترین انداز سے اٹھایاہے۔