مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق ایک بار پھر بھاری اکثریت سے سپیکر منتخب

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 9 نومبر 2015 15:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔9 نومبر۔2015ء) مسلم لیگ ن کے سردارایاز صادق ایک بار پھر سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے۔پیر کو خفیہ رائے شماری سے قومی اسمبلی کے بیسویں سپیکر کا انتخاب کیا گیا‘ انتخاب میں سردارایاز صادق کو 300میں سے 268جبکہ ان کے مد مقابل پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شفقت محمود کو 31ووٹ ملے جبکہ ایک ووٹ مسترد کردیا گیا۔

قبل ازیں سپیکر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ شروع ہوئی تو وزیراعظم نواز شریف نے صبح9بج کر 16 منٹ پر ووٹ پول کیا‘ ووٹ پول کرتے وقت لیگی اراکین اسمبلی نے وزیراعظم کو ڈیسک بجا کر داد دی۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف ‘ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق‘ وزیر دفاع خواجہ آصف‘ ایاز صادق‘ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال‘ وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر‘ وزیر مملکت شیخ آفتاب اجلاس شروع ہونے سے قبل ایوان میں آئے اجلاس مقررہ وقت 9بجے شروع ہوا ۔

(جاری ہے)

سپیکر کا انتخاب آئین کے آرٹیکل 53 اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط 9کے تحت کیا گیا۔ 342ارکان پر مشتمل ایوان میں مسلم لیگ (ن) کے اراکین کی تعداد 188‘ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین 46‘ تحریک انصاف 33‘ ایم کیو ایم 24‘ جے یو آئی (ف) 13‘ مسلم لیگ فنکشنل کے 5‘ جماعت اسلامی کے 4‘ مسلم لیگ (ق) کے 2‘ پختونخوا ملی پارٹی کے 4‘ عوامی نیشنل پارٹی کے 2‘ مسلم لیگ ضیاء اور عوامی مسلم لیگ کے ایک ایک رکن سمیت دیگر اراکین شامل ہیں۔