حمایت کرنیوالوں کا مشکور ہوں‘میری کامیابی پارلیمنٹ اور جمہوریت کی جیت ہے:ایاز صادق

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 9 نومبر 2015 15:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔9 نومبر۔2015ء) سپیکر منتخب ہونے کے بعد ایوان سے خطاب میں سردارایاز صادق کا کہنا تھا کہ آج کی جیت، صرف میری نہیں پارلیمنٹ اور جمہوریت کی جیت ہے۔ایاز صادق کو 300 میں سے 268، پی ٹی آئی کے شفقت محمود کو 31 ووٹ ملے۔ تحریک انصاف کے سوا تمام ووٹ ایاز صادق کے حصہ میں آئے۔پچھلے انتخاب سے 10ووٹ زیادہ ملے۔

ایاز صادق نے کہا کہ جن لوگوں نے مجھ پر اعتماد کیا، ان سب کا شکر گزار ہوں۔پی ٹی آئی کے دوستوں کا بھی شکر گزار ہوں، جنہوں نے اس عمل میں حصہ لے کر جمہوریت کو تقویت دی،دو تہائی ووٹ دینا ایوان کے اعتماد کا اظہار ہے۔تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منصب ملنے کے بعد اسپیکر پارٹی وابستگی سے بالاتر ہوتا ہے ،سب سے بڑا چیلنج پارلیمنٹ کو فعال بنانا ہے، تمام اہم قومی امور پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے،امید ہے سردار ایاز صادق سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

(جاری ہے)

رہنما ایم کیو ایم فاروق ستار نے دوبارہ اسپیکر منتخب ہونے پر ایاز صادق کو مبارکباد دی انہوں نے کہا کہ ایاز صادق اور ہماری کہانی کچھ ایک جیسی ہے۔ہم بھی ایوان سے چلے گئے تھے، آپ بھی چلے گئے، پھر ہماری واپسی ایک ہی دن ہوئی۔جمہوری روایات قائم رکھنے پر شفقت محمود کو بھی سراہتے ہیں۔اب جو سفر شروع کریں گے، اس میں خود احتسابی بھی کرنا ہو گی۔

متعلقہ عنوان :