پی سی بی قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف کی کارکردگی سے خوش ، معاہدے اور معاوضے بڑھانے کاامکان

پیر 9 نومبر 2015 16:27

پی سی بی قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف کی کارکردگی سے خوش ، معاہدے اور معاوضے ..

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار9نومبر۔2015ء ) پاکستا ن کرکٹ بورڈ، پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس اور ان کے ساتھ کام کرنے والے سپورٹ سٹاف کے عہدے کی معیاد میں توسیع دینے کا ارادہ رکھتا ہے تاہم ملکی اور غیر ملکی کوچز سے رضامندی لینے کے بعد ان کے ساتھ نئے معاہدے کئے جائیں گے اور ان کے معاوضوں میں بھی اضافہ کیا جاسکتاہے ۔ پی سی بی چیئرمین شہریار خان کہتے ہیں کہ پاکستان ٹیم نے گذشتہ ڈیڑھ سال میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے ، کوچز معاہدوں کی توسیع کے مستحق ہیں تاہم وقت آنے پر ان کے معاہدوں اور دستیابی کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپریل 2014ء میں وقار یونس کو ڈیو واٹمور کی جگہ دو سال کے لئے پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا۔ واٹمور کے بعد تین ماہ کے لئے سابق کپتان معین خان کو ایشیا کپ اور آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کے لئے کوچ بنایا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

ایشیا کپ میں پاکستان کو فائنل میں سری لنکا نے ہرایا تھا جب کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں پاکستانی ٹیم تاریخ میں پہلی بار سیمی فائنل میں کوالیفائی نہیں کرسکی تھی جس کے بعد معین خان کے ساتھ محمد حفیظ کو قیادت سے برطرف کردیا گیا تھا جبکہ ظہیر عباس کو بیٹنگ کوچ اور شعیب محمد کو فیلڈنگ کوچ کے عہدے سے فارغ کردیا گیا تھا ۔

وقار یونس آسٹریلیا سے پاکستان آئےانہیں ماہانہ سولہ لاکھ روپے معاوضہ ملتا ہے ۔ ان کے دور میں پاکستانی ٹیم میں تشکیل نو کا عمل جاری رہا اور کئی نئے لڑکوں کو چانس دیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو میں شہریار خان نے کہا کہ ابھی کوچز کے معاہدے ختم ہونے میں تقریباً چھ ماہ کا وقت باقی ہے ۔ ہمارا ٹارگٹ ورلڈ کپ ہے۔ جب وقت قریب آئے گا تو بورڈ آف گورنرز کی مشاروت ہم کوچز سے نئے معاہدے کریں گے۔

پی سی بی نے اپریل 2014ء میں وقار یونس کو ہیڈ کوچ، مشتاق احمد کو سپن بولنگ کوچ، گرانٹ فلاور کو بیٹنگ کوچ،گرانٹ لوڈن کو فیلڈنگ کوچ اور ٹرینر بریڈ رابنسن کو فزیو تھراپسٹ، اور شاہد اسلم کو اسسٹنٹ کوچ مقرر کیا تھا۔ تمام کوچز کو دو دو سال کے معاہدے کی پیشکش کی گئی تھی۔ وقار یونس اور ان کی ٹیم نے ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد ون ڈے فارمیٹ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی تاہم ٹیسٹ اور ٹی 20 میں پاکستانی ٹیم اس وقت آئی سی سی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہے جب کہ ون ڈے رینکنگ میں پاکستانی ٹیم نویں نمبر پر ہے ۔

وقار یونس کے کوچ بننے کے بعد پاکستان کو سری لنکا نے ٹیسٹ سیریز میں 0-2 سے شکست دی ۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 0-2 سے ہرایا۔ نیوزی لینڈ کے ساتھ سیریز 1-1 سے برابر رہی۔ پاکستان نے بنگلہ دیش کو 0-1 ، سری لنکا کو 1-2 اور اب انگلینڈ کو 0-2 سے ہرایا۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کو سری لنکا نے 1-2 ، آسٹریلیا نے0-3، نیوزی لینڈ نے 2-3، نیوزی لینڈ نے نیوزی لینڈ میں 0-2 سے شکست دی۔

ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا سے ہار گئی۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کو 0-3 ، پاکستان نے زمبابوے کو 0-2 ، سری لنکا کو 2-3 اور زمبابوے کو 1-2 سے مات دی ۔ ٹی ٹونٹی میں وقار یونس کی کوچنگ میں پاکستان کو آسٹریلیا نے 0-1سےشکست دی۔ نیوزی لینڈ کے ساتھ سیریز 1-1 برابر رہی۔ زمبابوے کو 0-2،سری لنکا کو0-2 اور دوماہ قبل پھر زمبابوے کو 0-2 سے شکست دی ۔