اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سردار ایاز صادق کو قومی اسمبلی کا اسپیکر منتخب کئے جانے سے پارلیمنٹ کو استحکام ملے گا ،نجیب اللہ نیازی

پیر 9 نومبر 2015 16:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نائب صدر کراچی ڈویژن وصدر نظریہ پاکستان فورم کراچی ڈویژن نے چیئرمین ہاؤس کراچی سے جاری اپنے بیان میں یوم اقبال کے موقع پر قومی اسمبلی میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہونے پر سردار ایاز صادق کو دوسری مرتبہ قومی اسمبلی کا اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کی کامیاب پالیسیوں کا ثمر ہے کہ سردار ایاز صادق کو قومی اسمبلی کا دوبارہ اسپیکر منتخب کئے جانے پر اپوزیشن کی جماعتوں بشمول متحدہ قومی موومنٹ و پیپلز پارٹی نے اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سردار ایاز صادق کو قومی اسمبلی کا اسپیکر منتخب کئے جانے سے پارلیمنٹ اور اداروں کے استحکام میں فروغ ملیگا اور اداروں پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

جمہوریت کا تسلسل ہی کامیاب پاکستان کی ضامن ہیں ۔ پاکستان مسلم لیگ ن چاہتی تو اکیلے ہی سردار ایاز صادق کو قومی اسمبلی کا اسپیکر منتخب کراسکتی تھی لیکن پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ محاذ آرائی کی سیاست سے گریز کی راہ اختیار کی اور تمام سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا اس لئے پاکستان مسلم لیگ ن نے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کئے اور جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کیلئے مثبت روایت کو فروغ دینے کی اپیل کی جس پر پاکستان مسلم لیگ ن تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور تحریک انصاف سے بھی یہی امید رکھتے ہیں کہ آئندہ کے اڑھائی سال وہ بھی خیبر پختونخوا کے عوام کیلئے محنت کریں گے اور ہمیں بھی عوام کی خدمت کیلئے الجھانے کے بجائے مثبت اپوزیشن کردار ادا کریں گے۔

دھرنوں اور اسٹریٹ پالیٹیکس میں کافی وقت ضائع ہوچکا ہے ہمیں عوام کے دیئے مینڈیٹ کے مطابق ان کی خدمت کرنے کی ضرورت ہے۔ امید ہے کہ تحریک انصاف سیاسی تنہائی کے خول سے باہر نکل کر قومی سیاسی دھارے میں مثبت کردار کے ساتھ واپس آکر سنجیدہ سیاست کرے گی۔