خیبر پختونخوا کے تمام پچیس اضلاع میں انسداد پولیو مہم کل سے شروع ہوگی

پیر 9 نومبر 2015 16:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) خیبر پختونخوا کے تمام پچیس اضلاع میں انسداد پولیو مہم کل (منگل ) سے شروع کیاجائیگا ۔ چار روزہ اس مہم کے دوراں مجموعی طور پر پانچ سال سے کم عمر کے کُل 5,477,687 بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔محکمہ صحت کے پولیو ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے مطابق اس مہم کے سو فیصد اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے کل 17180ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 14709 موبائل،1586 فکسڈ اور 111 رومنگ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ اس مقصد کے لئے مختلف مقامات پر 774 ٹرانزٹس پوائنٹس بھی مقرر کئے گئے ہیں تاکہ ایک جگہ سے دوسری جگہ سفر کرنے والے بچوں کو بھی پولیو کے قطروں کو یقینی بنایا جاسکے ۔

درین اثنا ء سنیئر صوبائی وزیر صحت شہرام تراکئی کی زیر صدارت محکمہ صحت کے متعلقہ حکام کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں مہم کی تیاریوں اور اس مہم کے سو فیصد اہداف کے حصول کو یقینی بنانے سے معاملات پر تفصیلی غورو حوص کیا گیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے پولیو کے خاتمے کو صوبائی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی اس مہم کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے کے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور اُن علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے جہاں بعض والدین کی طرف سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کے واقعات سامنے آرہے ہیں ۔

اُنہوں نے حکام کو مزید ہدایت کی کہ وہ ایسے علاقوں کا خود دورہ کریں اور وہاں کے مقامی منتخب عوامی نمائندوں ، علماء اور مقامی انتظامیہ کے نمائندوں کی مدد سے انکاری والدین کو آگہی دیں اوراُنہیں اپنے بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے پر آمادہ کریں ۔

متعلقہ عنوان :