امریکی سفارتکاروں کی چیئرمین سینٹ رضاربانی اور قائد ایوان راجہ ظفرالحق سے ملاقاتیں ، پاک بھارت تعلقات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال

پاکستان خطے اور دنیا میں امن کا خواہاں ہے اور ہم ڈائیلاگ کے ذریعے تمام مسائل کا حل چاہتے ہیں،راجہ ظفرالحق

پیر 9 نومبر 2015 18:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے پاکستان اور امریکہ کے مابین دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ مفاد کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیاہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں امریکہ کے سفارتخانے کے ناظم الامورجونا تھن پریٹ سے پارلیمنٹ ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں امریکہ کے کارینگی انڈومنٹ برائے بین الا اقوامی امن کے مطالعات کے نائب صدر جارج پرکو وکنے بھی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی اور دوطرفہ اہم امور پر تبادلہ خیا ل کیا۔اس موقع پر سینیٹر لیفٹنٹ جنرل (ر)عبدالقیوم بھی موجود تھے۔جارج پرکو وک نے سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق سے بھی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے امریکی مطالعاتی ادارے کے نائب صدر کو خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن کا خواہاں ہے اور ہم ڈائیلاگ کے ذریعے تمام مسائل کا حل چاہتے ہیں،ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال ،پاک بھارت تعلقات اور افغانستان میں امن کے قیام کیلئے کاوشوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔راجہ محمد ظفر الحق نے وزیر اعظم نواز شریف کا حالیہ دورہ امریکہ کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ اس دورے کے مستقبل میں اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :