علامہ اقبال کی سوچ کا منبہ و مخرج قرآن اور حضرت محمدؐ کی زندگی ہے‘ڈاکٹر مجاہد کامران

ہمیں اقبال کے پیغام کے مطابق خود کو تبدیل کریں اور اپنی اصلاح کریں ‘ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی

پیر 9 نومبر 2015 19:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کی سوچ کا منبہ و مخرج قرآن اور حضرت محمد کی زندگی ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن(آسا) کے زیر اہتمام ’’اقبال کا پیغام اور آج کا پاکستان ‘‘ کے موضوع پر الرازی ہال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں پروفیسر ایمریطس ڈاکٹر خواجہ محمد ذکریا، پروفیسر ایمریطس ڈاکٹر محمد اکرم ، صدر آساپروفیسر ڈاکٹر حسن مبین عالم، نائب صدر ڈاکٹر عابد چوہدری، سیکریٹری ڈاکٹر محبوب حسین ، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، سونیا عمر، مختلف شعبہ جات کے اساتذہ اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ حضرت محمد انسانوں کا ایک ایساگروہ تشکیل دینا چاہتے تھے جو بلند اخلاق ہو، صاحب علم ہو، دردِ دل رکھنے والا ہو اور جس میں انصاف کی تڑپ ہو اور مذموم مقاصد کرنے والوں کے خلاف جہاد بھی کرے اور علامہ اقبال بھی یہی چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اقبال کی شاعری نے مسلمانوں میں ولولہ پیدا کیا ہے بدقسمتی سے ہمارے پیر و جواں سب تن آسانی کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ غافل قوموں کو سزا عبرتناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اقبال کے پیغام کے مطابق خود کو تبدیل کریں اور اپنی اصلاح کریں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد ذکریا نے کہا کہ شاعر کے ساتھ بہترین نثر نگار بھی تھے۔

اقبال بہت بڑی تبدیلی چاہتے تھے اور نوع انسانی میں انسان کی فلاح و بہبود کے لئے کچھ کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کے پیغام اورآج کے پاکستان کو دیکھیں تو ہمارا ہر فعل کلامِ اقبال کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال نے مایوس کرنے کی بجائے مسلمانوں کو امید دلائی اور معاشرے کے تمام طبقات کی خرابیوں نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ اقبال نے طلباء کو نصیحت کی کہ صرف کتابیں نہ پڑھیں بلکہ نیا علم تخلیق کریں۔

انہوں نے کہا کہ اقبال نے بار بارتلقین کی کہ مسائل سے نکلنے کے لئے سوچ بچار کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اکرم نے کہا کہ اقبال مسلمانوں کی اصلاح اور مسلمانوں کے لئے آزاد مملکت حاصل کرنا چاہتے تھے ان کی اسلامی نظام سے گہری وابستگی تھی اور ان کا کلام بیدار کر دیتا ہے۔ دوسری جانب شعبہ تاریخ پنجاب یونیورسٹی میں اقبال ڈے کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔