ایس ای سی پی نے سالانہ گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کر دی

پیر 9 نومبر 2015 19:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء) سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے تمام لسٹڈ اور نان لسٹڈ کمپنیوں کے لئے فارم 29 اور سالانہ آڈٹ شدہ اکاؤنٹ جمع کروانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے جبکہ صرف نان لسٹڈ کمپنیوں کے لئے فارم۔اے جمع کروانے کی تاریخ میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تما م کمپنیوں کے لئے بشمول لسٹڈ اور نان لسٹڈ، فارم 29جمع کروانے کی آخری تاریخ کو15نومبر کو اتوار کا دن ہونے کی وجہ سے بڑھا کر نومبر ۱۷ مقرر کر دیا گیا ہے ۔

کمپنیاں فارم ۔29 کے ذریعے ایس ای سی پی کو کمپنی کے ڈائریکٹرز ، چیف ایگزیکٹو آفیسر اور آڈیٹرز کی تعیناتی کی معلومات فراہم کرتی ہیں۔ تاریخ میں توسیع کا فیصلہ ان تمام کمپنیوں کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے جنہوں نے اپنے سالانہ اجلاس اکتوبر30 اور 31کو منعقد کئے ہیں۔

(جاری ہے)

تمام نان لسٹڈ کمپنیوں کے لئے فارم ۔اے جمع کروانے کی تاریخ، جو کہ نومبر 29ورنومبر30 طے تھی، میں توسیع کر کے، نئی تاریخ یکم دسمبر مقرر کر دی گئی ہے۔

جبکہ تمام کمپنیوں، لسٹڈ اور نان لسٹڈ، سالانہ آڈٹ شدہ اکاؤنٹ جمع کروانے کی تاریخ کو نومبر30سے بڑھا کر یکم دسمبر کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ تمام لسٹڈ کمپنیوں کے لئے فارم۔اے جمع کروانے کی تاریخ 15دسمبر ہی رہے گی۔ یاد رہے کہ تمام غیر لسٹڈ کمپنیاں اپنے سالانہ عمومی اجلاس کے بعد ۳۰ دن کے اندر اندر فارم۔اے جمع کروانے کی پابند ہیں جبکہ لسٹڈ کمپنیوں کے لئے یہ مدت 45 دن ہے۔

متعلقہ عنوان :