ڈاکٹر غازی گلاب جمال نے سردار ایاز صادق کو مبارکباد دی

پیر 9 نومبر 2015 20:03

اسلام آباد ۔ 9 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔9 نومبر۔2015ء) فاٹا سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر غازی گلاب جمال نے سردار ایاز صادق کو اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردار ایاز صادق نے ہمیشہ ہمارا خیال رکھا ہے، اسپیکر کے عہدے کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مقصد فاٹا کے نوجوانوں کو بتانا تھا کہ قومی اسمبلی کے ایوان پر فاٹا کا بھی حق ہے۔

وہ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ ڈاکٹر غازی گلاب جمال نے کہا کہ سردار ایاز صادق کے غیر جماعتی کردار کی وجہ سے ہم نے انہیں دوبارہ منتخب کیا، انہوں نے ہمیشہ ہمارا خیال رکھا۔ انہوں نے جمہوری روایت کو برقررا رکھنے کے حوالے سے شفقت محمود کے کردار کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فاٹا کی محرومی کو اجاگر کرنے کے لئے میں نے اسپیکر کے عہدے کے لئے کاغذات جمع کرائے تھے اور اپنے فاٹا کے نوجوانوں کو بتانا تھا کہ قومی اسمبلی کے ایوان پر فاٹا کا بھی حق ہے اور ہم بھی اعلیٰ عہدوں پر الیکشن لڑ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا میں سات سالوں سے لوگ شدید گرمی اور سردی کے موسم میں ٹینٹوں میں مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے لوگ پاکستان کی مغربی سرحدوں کے محافظ تھے۔ فاٹا ریفارمز کا مقصد اختیار وہاں کے لوگوں کو دینا ہے۔ اس یقین دہانی کے بعد ہم نے اپنے کاغذات واپس لئے۔ توقع ہے کہ فاٹا اصلاحات کمیٹی اپنی تجاویز مرتب کرے گی۔

متعلقہ عنوان :