امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے اور سماج دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کیلئے قبائلی عمائدین کی قربانیاں قابل تعریف ہیں

باجوڑایجنسی کے پولیٹکل ایجنٹ محمد یحییٰ اخون زادہ کا تعزیتی جرگہ سے خطاب

پیر 9 نومبر 2015 20:56

باجوڑایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء ) باجوڑایجنسی کے پولیٹکل ایجنٹ محمد یحییٰ اخون زادہ نے کہاہے کہ ایجنسی میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے اور سماج دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے قبائلی عمائدین کی قربانیاں قابل تعریف ہیں اور ان کے لازوال قربانیوں کو تاریخ میں سنہرے الفاظ سے لکھا جائیگا ۔ ان خیالات کا اظہار انھو ں نے پیر کے روز سول کالونی خار میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران تحصیل سلارزی اور ماموند میں بم دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے قبائلی عمائدین ملک محمد یونس ۔

ملک مصنف خان اور ملک نعیم کے یاد میں منعقدہ ایک تعزیتی جرگہ سے خطاب میں کیاہے ۔ تعزیتی جرگہ میں اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ خار محمد علی خان ۔ اے پی اے ناوگئی فیا ض شیرپاؤ ۔

(جاری ہے)

تحصیلدار خار فیض محمد ۔ ترکھانی اور اتمانخیل قبائل کے عمائدین ۔ امن کمیٹیوں کے رہنماوں اور سیاسی اور سماجی افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تعزیتی جرگہ میں سلارزئی قبائل کے سرکردہ رہنماء ملک محمد یونس ،ماموند کے قبائلی رہنماؤں ملک مصنف خان اور ملک نعیم جو گزشتہ ہفتہ بم دھماکوں میں جان بحق ہوگئے تھے کے قریبی لواحقین بھی موجو د تھے ۔

تقریب سے پولیٹکل ایجنٹ ۔سرکردہ قبائلی عمائدین ملک قادرخان ۔ ملک باشک اورملک محمد اکبر نے خطاب کیا ۔ مقررین نے شہید قبائلی عمائدین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ پولیٹیکل ایجنٹ نے کہاکہ ایجنسی کے عوام کو قبائلی عمائدین کے ایجنسی کے لیے لازوال قربانیوں پر فخر ہے اور انہیں کسی بھی صورت فراموش نہیں کیا جائے گا ۔ پولیٹکل ایجنٹ یحییٰ اخون زادہ نے کہاکہ باجوڑایجنسی کے عزت مند قبائلی عمائدین۔

عوام ۔ لیویز اہلکاروں ۔ فورسز کے جوانوں اور انتظامیہ کے حکام نے ایجنسی میں امن وامان کی بحالی اور عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لیے جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ میں ہمیشہ سنہری الفاظ میں لکھے جائیں گے ۔ انھوں نے کہاکہ حکومت اور سیکورٹی فورسز ایجنسی میں امن وامان کی مکمل بحالی اور سماج دشمن عناصر کے خاتمے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہیں اور کسی کو ایجنسی میں اپنی مذموم مقاصد کے یے امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔

انھوں نے قبائلی عمائدین سے کہاکہ وہ ایجنسی میں عسکریت پسندوں کے مذموم مقاصد ناکام بنانے کے لیے سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون جاری رکھ کر ایجنسی کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے فورسز اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ باجوڑایجنسی کے عوام امن اومان کی بحالی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ تقریب میں شہید قبائلی عمائدین ملک محمد یونس ، ملک مصنف خان او رملک نعیم کے درجات کی بلندی کے لیے دعاکی گئی ۔

متعلقہ عنوان :