پاکستان اور امریکہ کے مابین دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ،چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی امریکی سفارتخانے کے ناظم الامور جونا تھن پریٹ سے ملاقات میں گفتگو

پاکستان دنیا میں امن کا خواہاں ہے، ہم مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کا حل چاہتے ہیں، راجہ ظفر الحق

پیر 9 نومبر 2015 21:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے پاکستان اور امریکہ کے مابین دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ مفاد کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیاہے۔وہ پیر کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں پاکستان میں امریکہ کے سفارتخانے کے ناظم الامور جونا تھن پریٹ اور کارینگی انڈومنٹ برائے بین الا اقوامی امن کے مطالعات کے نائب صدر جارج پرکو وک سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں امریکہ کے کارینگی انڈومنٹ برائے بین الا اقوامی امن کے مطالعات کے نائب صدر جارج پرکو وک نے بھی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی اور دوطرفہ اہم امور پر تبادلہ خیا ل کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینیٹر لیفٹنٹ جنرل (ر)عبد القیوم بھی موجود تھے۔جارج پرکو وک نے سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق سے بھی ملاقات کی۔

سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے امریکی مطالعاتی ادارے کے نائب صدر کو خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن کا خواہاں ہے اور ہم ڈائیلاگ کے ذریعے تمام مسائل کا حل چاہتے ہیں،ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال ،پاک بھارت تعلقات اور افغانستان میں امن کے قیام کیلئے کاوشوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔راجہ محمد ظفر الحق نے وزیر اعظم نواز شریف کا حالیہ دورہ امریکہ کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ اس دورے کے مستقبل میں اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔