امیر البحر اور پاک فضائیہ کے سربراہ کی سی سپارک مشقوں کے دوران قراقرم ایگل اواکس تھری میں فضائی نگرانی مشن میں شرکت ، دونوں افواج مابین بہترین ہم آہنگی اور پیشہ وارانہ مہارت پر اطمینان کا اظہار

ش`

پیر 9 نومبر 2015 21:28

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء ) امیرالبحر ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے بحریہ کی جاری مشق" سی سپارک ـ" کا جائز ہ لیا۔دونوں سربراہان نے قراقرم ایگل اواکس میں فضائی نگرانی کے مشن میں شرکت کی۔ فضائی معائنے کے بعد دونوں سربراہان نے پاک بحریہ کے جہاز پر سمندر میں جاری اس مشق کو دیکھا۔

مشن کے بعد شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے دونوں سربراہان نے سی سپارک ــمشق کے دوران پاک فضائیہ اور پاک نیوی کے درمیان ایک بہترین ہم آہنگی اور پیشہ وارانہ مہارت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے مشق میں شریک دستے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اواکس پاک فضائیہ کے آپریشنل مشن میں ایک کلیدی حثیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

امیرالبحر نے فضائی اور زمینی دستے کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ یہ مشقیں پاک بحریہ کے جنگجو دستے کو ایک حقیقی جنگی ماحول میں بہترین تیاری کے مواقع فراہم کرے گی۔

قراقرم ایگل3 اواکس فضائی اور بحری اہداف کو طویل فاصلے سے دیکھ سکتا ہے ۔یہ زمینی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر ز سے رابطے میں رہتا ہے اور انہیں مکمل تصویر بھجواتا ہے۔ اس طیارے کی شمولیت سے پاکستان کا ائیر ڈیفنس نظام دشمن کے علاقے میں دور تک دیکھنے کے قابل ہو گیا ہے خواہ یہ اہداف زمین پر ہوں یا گہرے پانیوں میں دشمن کو جاننے کے بعد اواکس اپنے لڑاکا طیاروں کو اس خطرے کا مقابلہ کرنے کے لئے بھیج سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :