پنجاب میں چاول اور کپاس کے چھوٹے کاشتکاروں کو 40ارب روپے کی خطیر رقم سے مالی امداد کی ادائیگی شروع

وزیراعلیٰ پنجاب کی نارووال اور شیخو پورہ کا دورہ ، کسان پیکیج کے تحت چھوٹے کاشتکاروں میں امدادی رقوم کے چیکوں کی تقسیم

پیر 9 نومبر 2015 21:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے نارووال اور شیخو پورہ کا دورہ کیا اور وزیراعظم محمد نوازشریف کے تاریخ ساز کسان پیکیج کے تحت چھوٹے کاشتکاروں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کیے۔وزیراعلیٰ نے چھوٹے کاشتکاروں کے لئے بنائے گئے ادائیگی مراکز کا بھی معائنہ کیا اور امدادی رقوم کے چیک کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے نارووال اور شیخوپورہ میں کاشتکاروں کو امدادی رقوم کی تقسیم کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کے فروغ کے بغیر پاکستان کی معیشت ترقی نہیں کر سکتی۔ کسان کی خوشحالی سے ہی پاکستان خوشحال ہوگا۔وزیراعظم نواز شریف نے زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے تاریخی کسان پیکیج دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کروڑوں کسان پاکستان کے عوام کیلئے اناج اگاتے ہیں اورہمارے کسان ہمارے سروں کے تاج ہیں جو زمین سے اناج پیدا کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کے ہر نقصان کا ازالہ کریں گے اوراس ضمن میں وزیراعظم محمد نواز شریف کا کسان پیکیج کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخ ساز اقدام ہے۔ کسان پیکیج پر عملدرآمد کیلئے پنجاب میں 40 ارب روپے کی خطیر رقم رکھی گئی ہے۔ کسان پیکیج کے تحت کسانوں کو کھاد کی بوری پر 500 روپے سبسڈی دی گئی ہے۔کپاس اور چاول کے چھوٹے کاشتکاروں کو 5 ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے امداد دی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسان پیکیج کے تحت کاشتکاروں کو مالی امداد کی ادائیگی اور دیگر فلاحی پروگراموں میں شفافیت ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔ شفافیت برقرار نہ رکھنے والے افسروں کو گھر بھیج دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان نے کسان پیکیج کو رکوانے کی کوشش کی۔ بنی گالہ میں بیٹھ کرعمران خان کو غریب کاشتکاروں کے دکھ کا احساس ہونا چاہیئے تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے عالمی سطح پر زرعی اجناس کی کساد بازاری کے پیش نظر کسانوں کیلئے تاریخ ساز کسان پیکیج دیاہے۔ عمران خان نے اس تاریخی پیکیج کو رکوانے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھا، الیکشن کمیشن نے عمران خان کی درخواست پر کسان پیکیج پر عملدرآمدروک دیاتھاتاہم حکومت نے الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کے حکم کو کالعدم قرار دے دیا۔

وزیر اعظم کسان پیکیج کے تحت صوبہ پنجاب میں کسانوں کو کھاد، چاول اور کپاس پر40ارب کی سبسڈی دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جفا کش اور محنت کش کسان آنے والے وقتوں میں40ارب کی سبسڈی کو 400ارب روپے میں بدل دینگے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے کسان پیکیج کے تحت صوبہ بھر میں چاول اور کپاس کے چھوٹے کاشتکارو ں میں40ارب روپے کی خطیر امدادی رقوم کی تقسیم کا آغاز ہوچکا ہے ،اس تاریخی ساز زرعی پیکیج سے لاکھوں خاندان مستفید ہونگے ۔

صوبہ بھر میں 5ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے چاول اور کپاس کے کاشتکاروں کی مالی معاونت اور کھاد میں 500روپے فی بوری سبسڈی سے کسانوں کے نقصان کا ازالہ کیا جارہا ہے جس سے شعبہ زراعت اور ملکی معیشت مستحکم ہوگی اور ملک خوشحالی کی جانب گامزن ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی اورصوبائی حکومت کے باہمی اشتراک سے کسانوں اور کاشتکاروں کو کھاد ، کپاس اور چاول کی کاشت کیلئے دی جانے والے امدادی رقوم کے پیکیج سے صوبہ بھر میں 11لاکھ80ہزار کسان مستفید ہونگے ۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کے کسان پیکیج کو عملی جامہ پہنانے کیلئے 20ارب روپے وفاقی حکومت جبکہ20ارب روپے حکومت پنجاب نے فراہم کئے ہیں جو کہ ہمارے محنتی اور جفاکش کسان آنیوالے وقتوں میں400ارب روپے میں بدل دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ضلع نارووال میں امدادی پیکج کے تحت 43ہزار528کسانوں میں تقریبا1ارب روپے کی خطیر رقم تقسیم کی جارہی ہے اوراس کام کا آغاز کردیا گیاہے ۔

انہوں نے انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ زرعی پیکیج کی تقسیم میں خیانت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کسان پیکیج کی تقسیم میں قصداََ کوتاہی برتنے والے افسران کا سختی سے محاسبہ کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پنجاب بھر میں ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام ‘‘ کے تحت 50ارب کی لاگت سے دیہات میں پختہ سڑکوں کی تعمیر جاری ہے۔

اس پروگرام کے تحت نارووال کے دیہات کی سڑکوں کیلئے50کروڑ روپے فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ اڑھائی سالوں میں صوبے کے دیہی علاقوں کے ساڑھے تین کروڑ افراد کو پینے کا صاف پانی مہیاکرنے کیلئے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پانی، کوئلے ، شمسی اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے متعدد منصوبوں کا آغا ز کردیا گیا ۔

انہوں نے کہاکہ 2017ء کے آخر تک ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی اور بجلی کی فروانی سے نہ صرف سکولوں ، کالجوں میں چھائے اندھیرے چھٹ جائیں گے بلکہ صنعتوں کی چمنیوں سے دھواں نکلے گا ، کسانوں کے ٹیوب ویل چلیں گے اور ملکی معیشت کا پہیہ گھومے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے شیخوپورہ میں چھوٹے کسانوں کو امدادی رقوم کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخوپورہ میں 1لاکھ 91ہزار233ایکڑزمین کے 30253 محنت کش مالکان کو کسان پیکج کے ذریعے رقوم کی ادائیگی کی جارہی ہے ۔

پنجاب کے کسانوں کیلئے40ارب روپے کے تاریخی پیکیج کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں سڑکوں کا جال بچھانے کیلئے اس سال بجٹ میں 50ارب روپے رکھے گئے ہیں جس میں سے شیخوپورہ میں سڑکوں کیلئے 50کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔دیہات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے رواں مالی برس میں پنجاب حکومت نے 15ارب روپے رکھے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر شیخوپورہ میں ایک سال میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا بھی اعلان کیا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کسان کے درد کو سمجھتے ہیں۔اسی لئے انہوں نے اربوں روپے کا کسان پیکیج دے کرکسان دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔وزیر اعظم محمد نواز شریف کا کسان پیکیج خوشحالی کا ضامن ہے اورپاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسانوں کے دکھ کو سمجھ کر اس پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف یوم اقبالؒ کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اقبالؒ کے ابدی پیغام پر عمل پیرا ہوکر ترکی، ملائیشیا ، ایران اور دیگر اسلامی ممالک ترقی کی منازل طے کررہے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ میری ہدایات پر آج یوم اقبالؒ پر صوبہ کے کالجوں اور سکولوں میں تقاریب منعقد کی جارہی ہیں تاکہ نئی نسل کو اقبالؒ کے ابدی پیغام سے روشناس کروایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کے پیغام حرکت و عمل محض یوم اقبالؒ تک محدود رکھنے کی بجائے اس پر سارا سال عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل محنت سے قوم کی تقدیر کو بدلہ جا سکتا ہے۔

علامہ اقبالؒ کا پیغام آج بھی تروتازہ ہے۔ ہمیں یوم اقبال پراقبالؒ کے خودی کے پیغام کو سمجھنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ قابل فخر شاعر اور عظیم فلاسفر ہیں ۔ انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے نہ صرف ایشیا ء بلکہ پوری دنیا کو متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دنیا کے نقشے پر عظیم طاقت بنائیں گے۔ ملک کو مسائل سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

نارووال میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیر اعظم کسان پیکیج کے تحت ضلع نارووال میں 43ہزار 825کسانوں میں 92کروڑ 36لاکھ53ہزار روپے کی امدادی رقوم تقسیم کی جارہی ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب کے دوران ضلع شیخوپورہ میں کسان پیکیج کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :