دہشتگردی ،مذہبی منافرت ملک کیلئے زہر قاتل ہے ،حکیم الامت علامہ اقبال کے خواب کو انتہاپسند دہشتگرد ملک کو کمزور کرکے چکنا چور کرنا چاہتے ہیں ،دہشتگرد تنظیموں کی حمایت کرنے والے بانیان پاکستان کے خواب ،سوچ وفکر اور افکار کو ختم نہیں کرسکتے

سربراہ پاکستان سنی تحریک ثروت قادری کا یوم اقبال کے موقع پر کارکنان سے خطاب

پیر 9 نومبر 2015 21:37

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء ) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ دہشتگردی ،مذہبی منافرت ملک کیلئے زہر قاتل ہے ،آئین وقانون کی بالادستی کو ہر حال میں یقینی بنانا ہوگا ،حکیم الامت علامہ اقبال کے خواب کو انتہاپسند دہشتگرد ملک کو کمزور کرکے چکنا چور کرنا چاہتے ہیں ، طالبان ،داعش، القائدہ یہود وہنود کے اشاروں پر کام کرتے ہیں ۔

وہ پیر کو یوم اقبال کے موقع پر مرکز اہلسنت پر کارکنان سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ دہشتگرد تنظیموں کی حمایت کرنے والے بانیان پاکستان کے خواب سوچ وفکر اور افکار کو ختم نہیں کرسکتے ،پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا آج اسے سیکولر ،سوشلزم،لبرل کہہ کر بانیان پاکستان کی روح کو تڑپایا جارہا ہے ،تحریک پاکستان کی تاریخ کو مسخ کرنے نہیں دینگے ،پاکستان کے مخالف کانگریسی ملا ؤں کو آج تحریک پاکستان کے ہیرو بنانے کی سازش کی جارہی ہے ،مجد د الف ثانی نے دین اکبری کے خلاف آواز حق بلند کرتے ہوئے کہا کہ ہندو اور مسلمان دو الگ الگ قومیں ہیں مسلمان اﷲ وحدہ لاشریک پر یقین رکھتے ہیں سیکولر ازم کے خلاف مجد د الف ثانی کے دوقومی نظریہ کو علامہ اقبال نے اپنایا روح زمین پر اپنی شاعری کے ذریعے اسلام کی حقیقی کی ترجمانی کی اور پاکستان کے خواب کو یقینی بنانے کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ،آج پاکستان اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نام سے پوری دنیا کے نقشے پر اجاگر ہے ،پاکستان کی بنیاد اسلام پر نہ ہوتی تو اس کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ اقبال اور قائد اعظم آج زندہ ہوتے تو غازی علم دین شہید کی طرح غازی ممتاز قادری کی عدالتوں میں پیروی کرتے ،ممتاز قادری کی قانونی معاونت کرنا ہر عاشق رسول کا قانونی ،جمہوری اور مذہبی حق ہے ،ملک کے آئین وقانون کا دل سے احترام کرتے ہیں ،ہمیں خوشی ہے کہ ہمارا آئین انگریزوں کا نہیں قرآن و سنت کے تابع ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آگے لیجانا ہے تو ہمیں اپنے قومی اکابرین کے سنہری اُصولوں پر چلنا ہوگا ،علامہ اقبال کی اسلام اور ملک کی آزادی کیلئے دی جانیوالی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :