کراچی، دھماکہ خیز مواد ،اسلحہ ایکٹ کے مقدمات میں ملزم نفیس الغنی کومجموعی طور پر 21سال ، شریک ملزم عدنان کو 7سال قید کی سزا سنادی گئی

پیر 9 نومبر 2015 21:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ ایکٹ کے مقدمات میں نامزد متحدہ قومی مومنٹ سے تعلق رکھنے والے ملزم نفیس الغنی کو جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 21سال جبکہ شریک ملزم عدنان کو 7 سال قید کی سزا سنادی ہے۔عدالت نے ملزم کو دھماکہ خیز مواد رکھنے کے الزام میں 14سال قید بامشقت، 50ہزار روپے جرمانہ اور عدم ادائیگی کی صورت میں مزید 2ماہ قید بامشقت جبکہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں 7سال قید بامشقت، 25ہزار روپے جرمانہ اور جرمانہ ادا نہ کرنے پر مزید 2ماہ قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔

دونوں سزائیں ساتھ چلیں گی۔جبکہ دوسرے ملزم عدنان کو عدالت نے اسلحہ ایکٹ کے مقدمے میں 7سال قید بامشقت اور 25ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

(جاری ہے)

جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو مزید 2ماہ قید بامشقت کی سزا بھگتنا ہوگی۔ ملزمان کا جیل میں گزارا ہوا عرصہ سزا میں شمار ہوگا۔ ملزم نفیس حراست میں جبکہ ملزم عدنان آج کل ضمانت پر تھا۔استغاثہ کے مطابق پولیس نے ملزمان کو 8مئی 2014کو مین شاہراہ عراق نزد نوبہار ہوٹل سے گرفتار کیا تھا۔ملزم نفیس کے قبضے سے 8ایم ایم رائفل ،گرنینڈ جبکہ ملزم عدنان سے 30بور پستول برامد ہوہواتھا۔ملزمان کا تعلق متحدہ قو می مومنٹ سے ہے اور ان کے خلاف تھانہ پریڈی میں سرکار کی مدعیت میں مقدمات درج ہیں۔

متعلقہ عنوان :