دوسرے مرحلے کے انتخابات کو پرامن بنانے کیلئے سیکورٹی کے ہر ممکن انتظامات کو یقینی بنایا جائے ، بابر یعقوب فتح محمد

سندھ کے حساس ترین ،حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں، ضرورت پڑنے پر رینجرز کے ساتھ پاک آرمی کی خدمات بھی حاصل کی جائیں،سیکرٹری الیکشن کمیشن

پیر 9 نومبر 2015 22:13

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان بابر یعقوب فتح محمد نے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ دوسرے مرحلے میں سندھ کے 15اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے اور سانحہ خیر پور جیسے واقعات سے بچنے کیلئے سیکورٹی کے ہر ممکن انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور حساس ترین اور حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں، ضرورت پڑنے پر رینجرز کے ساتھ پاک آرمی کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔

وہ 19نومبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے انتظامات اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے مقامی ہوٹل میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سندھ محمد وسیم ، آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی، صوبائی الیکشن کمشنر تنویر زکی ، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سید آصف حیدر شاہ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتخابات سے قبل تمام تر انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ تاخیر سے پولنگ شروع ہونے ، بیلٹ پیپرز کی کمی اور دیگر انتخابی مواد کی کمی یا تاخیر سے ترسیل جیسے مسائل سے بچا جا سکے جوکہ اکثر نقص امن کا سبب بنتے ہیں، انہوں نے ڈی آر اوز کو ہدایت کی کہ وہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پرمکمل عملدرآمد کو اور اس کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف بلا کسی دباؤ کاروائی کریں، انہوں نے ڈی آر اوز کویہ بھی ہدایت کی کہ وہ حزب اختلاف کی جماعتوں کے لوگوں سے بھی بلا جھجک ملاقاتیں کریں اور اگر انہیں کسی قسم کی شکایات ہیں تو انکا ازالہ کریں، انہوں نے ڈی آر اوز اور متعلقہ پولیس افسران کو کہا کہ سول سرونٹس سیاسی جماعتوں کی خدمت کرنے کے پابند نہیں بلکہ ریاست کی خدمت کرنے کے پابند ہیں، انہوں نے اجلاس کو باور کرایا کہ غیر جانبداری ہی صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کی ضمانت ہے، بابر یعقوب فتح محمد نے کہا کہ ملکی عوام نے اب یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ جمہوریت ہی اس ملک کا نظام حکومت ہونا چاہیے اور جمہوریت کی نرسری بلدیاتی نظام ہے، انہوں نے اجلاس میں شریک افسران سے کہا کہ آئینی طور پر تمام ادارے انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان سے تعاون کرنے کے پابند ہیں، انہوں نے ڈی آر اوز کو ہدایت کی کہ وہ انتہائی ضرورت کے مطابق پولنگ اسٹیشن تبدیل کر سکتے ہیں اور زور دیا کہ بلا ضرورت پولنگ اسٹیشنز تبدیل نہیں کیے جائیں جس سے مسائل پید ا ہونگے، انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران درازہ خیر پور جیسے افسوسناک واقعہ سے بچنے کیلئے سیکورٹی کے تمام تر انتظامات کو یقینی بنائیں۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سندھ محمد وسیم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ 19نومبر کو بلا رکاوٹ انتخابی عمل جاری رکھنے کو یقینی بنانے کیلئے اضافی پولنگ عملے کی دستیابی کو بھی یقینی بنائیں، انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ انتخابی دن سے سات دن پہلے متعلقہ اضلاع میں دفعہ 144نافذ کی جائیگی اور کسی بھی شخص کو ہتھیار لیکر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی، انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ اضلاع کے داخلی و خارجی مقامات پر کڑی نظر رکھیں۔

اجلاس سے خطاب میں آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی نے سندھ کے 15اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پر امن انعقاد کے سلسلے میں سیکورٹی کے انتظامات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انتخابات کے دوران 51ہزار پولیس نفری اپنے فرائض انجام دے گی جن میں حیدرآباد ڈویژن میں 28ہزار ، میرپورخاص ڈویژن میں 8ہزار اور شہید بینظیر آباد ڈویژن میں 15ہزار پولیس کے جوان تعینات کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ حساس ترین اور حساس پولینگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائینگے ۔

انہوں نے تینوں ڈویزنز کے ڈی آئی جیز کو ہدایت کی کہ وہ انتخابات کے دوران دوسرے اضلاع سے آنے والے لوگوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ شر پسند عناصر پولنگ کے دوران انتخابی عمل کی رکاوٹ کا باعث نہ بنیں۔پاکستان رینجرز کے نمائندے نے اجلاس کو بتایا کہ انتخابات کے دوران امن امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے رینجرز کے 3500 جوان تعینات کیے جائیں گے، اجلاس میں حیدرآباد ، میر پور خاص اور شہید بینظیر آؓباد ڈویژنز کے کمشنرز اور ڈی آئی جیز نے انتخابات سے متعلق انتظامات اور سیکورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلات بتائیں، اجلاس میں ڈی آر اوز نے بھی انتخابات کے انتظامات اور در پیش مسائل سے متعلق آگاہ کیا، اجلاس میں ، ڈویژنل کمشنر میر پور خاص شفیق احمد مہیسر ، ڈویزنل کمشنر شہید بینظیر آباد ڈاکٹر وسیم شمشاد جوائنٹ سیکریٹری ( لوکل گورنمنٹ ) الیکشن کمیشن آف پاکستان عطا ء الرحمان ،ریجنل الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان ، پاک آرمی کے نمائندے کے علاوہ ڈی آر اوز ، ڈپٹی کمشنر ز اور الیکشن کمیشن کے افسران نے شرکت کی۔