Live Updates

نواز شریف نے 9 بجکر 16 منٹ ، عمران خان نے 10 بجکر 33 منٹ پر ووٹ کاسٹ کیا

پیر 9 نومبر 2015 22:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔9 نومبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے اپنا ووٹ 9 بجکر 16 منٹ پر بوتھ نمبر دو میں کاسٹ کیا جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دس بجکر 33 منٹ پر اپنا ووٹ پولنگ بوتھ نمبر 1 میں کاسٹ کیا۔ پیر کے روز قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی جاوید مرتضی عباسی کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس پورے 9 بجے شروع ہوا جس میں سیکرٹری قومی اسمبلی نے اعلان کیا کہ ”الف“ سے لے کر ”ط“ تک اراکین اسمبلی بوتھ نمبر 1 اور ”ظ“ سے لے کر ”ی“ تک بوتھ 2 میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔

سب سے پہلا ووٹ بوتھ نمبر 1 پر مسلم لیگ ن کے ملک ابرار نے کاسٹ کیا جبکہ دوسرا ووٹ پی ٹی آئی اے امجد علی خان نے بوتھ نمبر 2 پر کاسٹ کیا۔ اس کے بعد وزیراعظم نواز شریف اپنی کیبنٹ کے ہمراہ ایوان زیریں میں پہنچے وزیراعظم نواز شریف نے بھی اپنا ووٹ پولنگ بوتھ نمبر 2 میں 9 بجکر سولہ منٹ پر کاسٹ کیا جس پر اراکین اسمبلی نے خوب ڈیسک بجا کر انہیں داد دی وزیراعظم ووٹ کاسٹ کرتے ہی ایوان سے باہر چلے گئے ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 10 بجکر 33 منٹ پر ایوان زیریں میں داخل ہوئے تو پی ٹی آئی اراکین نے ڈیسک بجا کر عمران خان کا استقبال کیا عمران خان نے شیخ رشید کے علاوہ کسی دوسرے رکن قومی اسمبلی سے ہاتھ نہیں ملایا اور ایک منٹ کے اندر اپنا ووٹ کاسٹ کرکے فوراً ایوان سے باہر چلے گئے۔ عمران خان کو الوداع کرنے کیلئے شیخ رشید ‘ شیریں مزاری‘ علی محمد خان‘ عارف علوی‘ شفقت محمود اور دیگر پی ٹی آئی اراکین ایوان کے باہر تک گئے جبکہ شاہ محمود قریشی اپوزیشن بنچوں پر بیٹھے رہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات