جوہری پروگرام پر سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا ،علاقے میں مکمل امن و امان تک کراچی آپریشن جاری رہے گا ، عام آدمی پر نئے ٹیکس نہیں لگائیں گے ، 40 ارب روپے کے ٹیکس مہنگی اشیاء پر لگائے جائیں گے، آئی ایم ایف پروگرام میں جانے کی وجہ پیسے کا حصوک نہیں تھا ‘ پچھلے قرضے اتار رہے ہیں‘ڈیزل پر 44 فیصد ٹیکس لے رہے ہیں،، ایم کیو ایم کی کوئی پیشگی شرط نہیں مانی گئی

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

پیر 9 نومبر 2015 23:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم کبھی جوہری پروگرام پر سمجھوتہ نہیں کرینگے ،علاقے میں مکمل امن و امان تک کراچی آپریشن جاری رہے گا ، عام آدمی پر نئے ٹیکس نہیں لگائیں گے جبکہ 40 ارب روپے کے ٹیکس مہنگی اشیاء پر لگائے جائیں گے آئی ایم ایف پروگرام میں جانے کی وجہ پیسے کا حصوک نہیں تھا ‘ پچھلے قرضے اتار رہے ہیں‘ڈیزل پر 44 فیصد ٹیکس لے رہے ہیں، ایم کیو ایم کی کوئی پیشگی شرط نہیں مانی گئی۔

وہ یہاں پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 40 ارب روپے کے نئے ٹیکسز عام آدمی پر نہیں بلکہ مہنگی اشیاء اور امیروں پر لگائے جائیں گے۔ ٹیکس اصلاحات میں بہتری لا رہے ہیں پچھلے قرضے بھی اتار رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف پروگرام میں جانے کی وجہ سے پیسہ نہیں تھا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اس ہفتے آئی ایم ایف سے 500 ملین ڈالر کی قسط مل جائے گی ، ہم انرجی میں بھی اصلاحات لا رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاست ضرور کریں مگر معیشت کے ساتھ سیاست نہیں ہونی چاہیے ہم سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ قائد ایم کیو ایم الطاف حسین کو تقاریر کی اجازت کورٹ نے دینی ہے۔ ڈاکٹر فرخ کا نام اس کی پارٹی نے دیا تھا۔ 2 دن میں فاروق ستار سے ملاقات ہو گی تو پھر ان کی مرضی سے نئے آدمی کو شکایات ازالہ کمیٹی میں شامل کریں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ کراچی آپریشن سے 85 فیصد جرائم میں کمی آئی ہے اور مکمل امن و امان تک کراچی آپریشن جاری رہے گا۔ وزیر اعظم نے کئی سالوں کے بعد اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا ہے۔ جماعت الدعوۃ کے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ اس کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیں گے۔ ہر چیز کو ہونے میں ایک ٹائم لگتا ہے۔ پاکستان کے قومی مفادات ہمار ے لئے سب سے اہم ہیں اگر آپ وزیر اعظم نواز شریف سے یہ توقع رکھیں کہ وہ نیو کلیئر پروگرام پر کوئی سمجھوتہ کریں گے تو یہ آپ کی خام خیالی ہے۔

پہلے بھی ہمیں کہا گیا 500 ملین ڈالر لے لو اور ایٹمی دھماکے نہ کرواؤ مگر ہم نے ڈالر ٹھکرا کر ملکی سلامتی کے حق میں فیصلہ کیا۔ ہمیں وقت دیں ابھی تو صرف 2 سال 3 ماہ ہوئے ہیں حکومت سنبھالے ہوئے آہستہ آہستہ سب معاملات کو ٹھیک کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے اوپر آئی ایم ایف کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔ ایم کیو ایم کے استعفوں سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے استعفوں کا نوٹیفکیشن تیار ہو گیا تھا آخر ٹائم پر میں بیچ میں کود اور حالات کو سنبھالا دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی کوئی پیشگی شرط نہیں مانی گئی۔ رینجرز آپریشن پر کراچی میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ اسحاق ڈار نے خواہش ظاہر کی کہ ڈالر سستا اور روپیہ تگڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ 40 ارب روپے کے نئے ٹیکس اگلے ماہ سے لگیں گے۔ وزیر خزانہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیزل پر 44 فیصد ٹیکس لے رہے ہیں